جھانوی کپور کایلی جینر کے نقشے قدم پر
بولی وڈ میں ان دنوں نئے چہروں اور اداکاروں کا خاصہ چرچا ہے، خبریں گرم ہیں کہ آنے والے سال کے آخر تک کئی اداکاروں کی بیٹیاں اور بیٹے فلم انڈسٹری میں قدم رکھ چکے ہوں گے۔
بولی وڈ میں جن نئے چہروں اداکاروں کے حوالے سے سب سے زیادہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، ان میں فلم اسٹار سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور بھی ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ جھانوی کپور اور سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کرن جوہر کی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2‘ سے بولی وڈ ڈیبیو کرنے جا رہی ہیں، تاہم تاحال اس کی کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔
یہ بھی پڑھیں: جھانوی کپور فلموں میں انٹری کے لیے تیار
بولی وڈ میں انٹری اپنی جگہ لیکن کامیاب اداکاروں اور فلم پروڈیوسرز کے گھر میں پیدا ہونے کی وجہ سے جھانوی کپور، سارہ علی خان، انایا پانڈے، ابراہم خان اور دیگر نئے چہروں کے چرچے میڈیا میں رہتے ہیں۔
خصوصی طور پر بھارتی میڈیا میں اداکاراؤں اور اداکاروں کی بیٹیوں کے فیشن کے چرچے رہتے ہیں۔
مزید پڑھیں: جھانوی کپور اور سارہ علی خان کی تصاویر وائرل
اچھوتے فیشن اپنانے، خوبصورت چہرے اور دیدہ زیب لباس پہننے کی وجہ سے جھانوی کپور ہمیشہ میڈیا کی نظروں میں رہتی ہیں، تاہم اب بولی وڈ لائف نے کھوج لگالی کہ جھانوی کپور کا فیشن کس اداکارہ کی طرز پر ہوتا ہے۔
مستقبل میں بولی وڈ کی سپر اسٹار بننے والی جھانوی کپور کسی بھارتی اداکارہ سے نہیں بلکہ امریکی ریلٹی اسٹار کایلی جینر سے متاثر نظر آتی ہیں۔