’پاکستان میں کیک جیسی فلم نہیں بنی‘
پاکستان کے نامور ہدایت کار، ماڈل اور اداکار عدنان ملک بہت جلد فلم ’کیک‘ کے ساتھ فلمی دنیا میں ڈیبیو کرنے جارہے ہیں۔
عدنان ملک بہت سے اشتہارات اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں، ان کا ماہرہ خان کے ساتھ کیا گیا پہلا ڈرامہ ’صدقے تمہارے‘ بھی شائقین کو بےحد پسند آیا تھا۔
ان کی پہلی فلم ’کیک‘ کی ہدایات عاصم عباسی دے رہے ہیں، جس کی شوٹنگ کراچی، لندن اور سندھ کے چند علاقوں میں کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: فلم 'کیک' میں نیپالی موسیقار کا بھی کردار
عدنان ملک نے ڈان کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں اپنی ڈیبیو فلم ’کیک‘ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’یہ ایک دل کو چھو لینے والی کہانی پر مبنی فلم ہے، اس میں مزاحیہ مناظر بھی ہیں، جسے نہایت خوبصورتی سے بیان کیا گیا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’جب میں نے پہلی مرتبہ فلم کا اسکرپٹ پڑھا تو میری آنکھوں میں آنسو آگئے، اگر صرف پڑھنے سے میرا یہ حال ہوا تو فلم کی شکل میں اس کہانی کے سامنے آنے پر شائقین کو کیسا محسوس ہوگا‘۔
عدنان ملک کے مطابق ’میں پیسوں اور مشہور ہونے کے لیے فلموں میں کام نہیں کرتا، مجھے نہیں لگتا اب تک پاکستان میں کیک جیسی فلم بنائی گئی ہے، یہ ایک جذباتی فلم ہے اور میرا کردار شائقین کو سرپرائز کردے گا‘۔
یہ بھی پڑھیں: فلم 'کیک': ہدایت کار عدنان ملک فلمی اداکاری میں ڈیبیو کریں گے
اس فلم میں عدنان ملک کے ساتھ صنم سعید اور آمنہ شیخ اہم کردار ادا کررہی ہیں۔
فلم کی کاسٹ کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے انہوں نے بتایا ’میں نے صنم کے ساتھ ایک ڈرامے میں کام کیا، وہ کافی پروفیشنل ہیں، ان کی اداکاری بہترین ہے، میں آمنہ کو طویل عرصے سے جانتا ہوں اور میں نے ان دونوں اداکاراؤں سے بہت کچھ سیکھا ہے‘۔
فلم ’کیک‘ رواں سال ریلیز کی جائے گی۔