سلمان خان کی 'ٹیوب لائٹ' ہولی وڈ فلم کی نقل؟
بولی وڈ دبنگ خان سلمان خان کی نئی فلم ' ٹیوب لائٹ ' عید الفطر پر ریلیز ہورہی ہے اور گزشتہ روز اس کا پہلا ٹیزر ٹریلر بھی جاری کردیا گیا۔
مگر اس ٹریلر سے کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ سلمان خان کی بظاہر منفرد نظر آنے والی یہ فلم 2015 کی ہولی وڈ فلم 'لٹل بوائے' سے ملتی جلتی ہے۔
سلطان کی سپر ہٹ کامیابی کے بعد دبنگ خان کے پرستاروں ان کی نئی فلم کا بے صبری سے انتظار ہے جس میں وہ 1962 کی بھارت اور چین کی جنگ سے جڑی کہانی کا حصہ ہیں۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ ٹیزر ٹریلر میں بہت کچھ معلوم نہیں ہوسکا مگر اس سے یہ اندازہ ضرور ہوگیا کہ یہ ہولی وڈ فلم لٹل بوائے سے متاثر ہے اور دونوں میں بہت زیادہ مماثلت ہے۔
مزید پڑھیں : سلمان خان کی نئی فلم کا پہلا ٹیزر ٹریلر ریلیز
رپورٹ کے مطابق درحقیقت سلمان خان ایسا کردار ادا کررہے ہیں جو ہولی وڈ فلم میں ایک بچے نے ادا کیا تھا۔
فلم میں وہ بچہ اپنے والد سے بہت قریب ہوتا ہے جو کہ دوسری جنگ عظیم میں حصہ لینے چلا جاتا ہے جبکہ ٹیوب لائٹ میں باپ کا کردار بھائی سے بدل دیا گیا جو کہ سہیل خان سے بدل دیا گیا ہے۔
اسی طرح باپ کے چلے جانے کے بعد بچہ اسے واپس لانے کا عزم کرتا ہے اور اس کا ماننا ہوتا ہے کہ وہ ذہنی آنکھ سے چیزوں کو حرکت دے سکتا ہے جبکہ ٹیوب لائٹ کے ٹیزر میں بھی سلمان خان کچھ ایسا ہی کرتے نظر آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بولی وڈ فلموں کے چوری شدہ پوسٹرز
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ شاہ رخ خان اس فلم میں ایک جادوگر کا کردار ادا کررہے ہیں جن کی جھلک تو ٹیزر میں ہے مگر نظر نہیں آتی جبکہ ہولی وڈ فلم میں یہ کردار بین چپلن نے ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ سلمان خان کی فلم ٹیوب لائٹ 23 جون کو ریلیز کی جائے گی جس کا ٹیزر نیچے دیکھ سکتے ہیں۔
اور یہ اس ہولی وڈ فلم کا ٹیزر ہے جس سے ٹیوب لائٹ کی کہانی متاثر لگتی ہے۔