لائف اسٹائل

پاکستان کی 20سالہ زینتھ پر بنے گی فلم

زینتھ عرفان نے موٹرسائیکل پر پاکستان کے شمالی علاقوں کا سفر کیا تھا، رواں سال کے آخر میں فلم ریلیز کی جائے گی۔

اگر آپ کو باکسر حسین شاہ کی زندگی پر بننے والی پاکستانی فلم ’شاہ‘ پسند آئی تھی تو یقیناً یہ خبر بھی آپ کے لیے خاص ہے۔

فلم ’شاہ‘ بنانے والے ہدایت کار اور اداکار عدنان سرور بہت جلد اپنی نئی فیچر فلم کی پروڈکشن کا آغاز کرنے جارہے ہیں جسے رواں سال کے آخر میں ریلیز کے لیے پیش کیا جائے گا۔

یہ فلم ’موٹر سائیکل گرل‘ زینتھ عرفان پر مبنی ہے، زینتھ وہ پہلی نوجوان خاتون ہیں جنہوں نے 20 سال کی عمر میں پاکستان کے شمالی علاقوں میں موٹر سائیکل پر سفر کیا۔

عدنان سرور کا اس فلم کے حوالے سے کہنا تھا، ’میں نے ہمیشہ یہی سوچا ہے کہ فلم اور ٹی وی انڈسٹری میں کام کرنے والوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ شائقین کو کہانیاں سنائیں، جس سے ہماری سوسائٹی میں مثبت تبدیلی آئے، ساتھ ہی یہ فلمیں اور ڈرامے عوام کو محظوظ بھی کرسکیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’زینتھ کی کہانی میرے لیے بہت خاص ہے کیوں کہ اتنی کم عمر میں انہوں نے وہ کر دکھایا جو سب کے بس کی بات نہیں، امید ہے کہ اس فلم کے ذریعے پاکستان کی خواتین خود کو بااختیار بنانے میں کامیاب ہوں گی‘۔

خیال رہے کہ زینتھ عرفان کا موٹر سائیکل پر کیا گیا مکمل سفر انہوں نے اپنے بلاگ ’ون گرل ٹو ویلز‘ میں شیئر کیا، ان کے اس بلاگ کو سی این این اور نیویارک ٹائمز میں بھی شائع کیا گیا۔

زینتھ عرفان کی زندگی پر بننے والی فلم کی کاسٹ کا فائنل انتخاب جاری ہے، فلم کی شوٹنگ لاہور اور شاہراہ قراقرم پر کی جائے گی۔