لائف اسٹائل

انڈر ٹیکر آخری مقابلہ کس ریسلر سے چاہتے تھے؟

اب انکشاف ہوا ہے کہ انڈر ٹیکر اپنے کیرئیر کا آخری میچ رومن رینز کی بجائے ایک اور ریسلر سے چاہتے تھے۔

ویسے تو ابھی تک باضابطہ طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا مگر مانا جارہا ہے کہ ریسل مینیا 33 انڈر ٹیکر کے کیرئیر کا آخری ایونٹ تھا، جس میں انہیں رومن رینز کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

میچ کے بعد انڈر ٹیکر نے اپنے دستانے، کوٹ اور ہیٹ رنگ میں چھوڑا اور چلے گئے، جو کہ ان کی جانب سے کیرئیر کو الوداع کہنے کا اشارہ کہا جارہا ہے۔

تاہم اب انکشاف ہوا ہے کہ انڈر ٹیکر اپنے کیرئیر کا آخری میچ رومن رینز کی بجائے ایک اور ریسلر سے چاہتے تھے۔

اور وہ ریسلر کوئی اور نہیں جان سینا ہیں جن سے مقابلے کے لیے انڈر ٹیکر نے ڈبلیو ڈبلیو ای انتظامیہ سے باقاعدہ درخواست بھی کی۔

ایک رپورٹ کے مطابق انڈر ٹیکر ریسل مینیا 33 میں جان سینا سے مقابلے کے لیے لابنگ کرتے رہے، ان دونوں کے درمیان مقابلے کی افواہیں ہر سال سامنے آتی تھیں مگر کبھی بھی یہ دونوں آمنے سامنے نہیں آئے۔

اپنے آخری ریسل مینیا مقابلے کے لیے انڈر ٹیکر جان سینا سے ڈریم میچ کے ذریعے کیرئیر کا اختتام چاہتے تھے تاہم ڈبلیو ڈبولی ای چیئرمین ونس میکموہن نے انڈر ٹیکر کی اس درخواست کو مسترد کردیا۔

انہوں نے جان سینا کی جگہ رومن رینز کو انڈر ٹیکر کے مقابلے کے لیے تیار کیا اور اس کی وجہ مختصر کی بجائے کمپنی کے لیے طویل المعیاد فوائد کی ضرورت قرار دیا۔

جان سینا حالیہ مہینوں کے دوران ڈبلیو ڈبلیو ای سے بتدریج دور ہورہے ہیں جبکہ ان کی جگہ لینے کے لیے رومن رینز کو تیار کیا جارہا ہے۔

انڈر ٹیکر نے اپنی درخواست مسترد ہونے کے باوجود ڈبلیو ڈبلیو ای چیئرمین کی یہ بات مان لی کہ وہ رومن رینز کے مقابلے پر آکر کمپنی کا مستقبل اس نوجوان ریسلر کے سپرد کریں۔

ویسے تو گزشتہ سال بھی انڈر ٹیکر رنگ میں دستانے چھوڑ کر گئے تھے مگر اس سال انہوں نے اپنا تمام سامان وہاں چھوڑا اور اب حیران کن ہوگا کہ وہ آئندہ کبھی رنگ کے اندر ایکشن میں نظر آئیں۔

تاہم یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ انڈر ٹیکر کا جان سینا سے مقابلہ پرستاروں کی بھی خواہش تھا جبکہ رومن رینز کو بیشتر افراد پسند نہیں کرتے اور وہ ان کی ریسل مینیا میں فتح پر بھی کچھ زیادہ خوش نہیں۔