'فرشتوں کا پھل' پپیتا بے شمار فوائد کا حامل
منفرد خوشبو، کھلتے رنگ کے میٹھے گودے والے پھل پپیتے کو مشہور مہم جو کرسٹوفر کولمبس نے 'فرشتوں کے پھل' نام دیا تھا اور اگر پپیتے کی غذائی اہمیت پر نظر دوڑائی جائے تو یہ نام درست بھی لگتا ہے۔
ماضی میں کمیاب اور نایاب سمجھا جانے والا پھل پپیتا اب دنیا کے ہر کونے میں تقریباً سارا سال ہی دستیاب ہوتا ہے۔
پپیتے کے پھل کو کچا اور پکا دونوں صورتوں میں استعمال کیا جاتا ہے اور یہ دونوں ہی صورتوں میں انسانی صحت کے لیے بیش بہا فوائد کا حامل ہے۔
پپیتے کی غذائی اہمیت
وٹامن اے، وٹامن سی اور بے شمار معدنیات سے بھرے اس پھل کی تھوڑی سے مقدار ہی انسانی جسم کو درکار وٹامن سی کی روزمرہ مقدار کو پورا کرسکتی ہے۔
سوڈیئم، کیلوریز اور اسٹارچ کی کم مقدار کے باعث اس پھل کے اور بھی متعدد فوائد ہیں۔
1۔ ہاضمے میں مددگار
پپیتے میں موجود خصوصی خامرے (enzyme) 'پیپین' کی موجودگی کی وجہ سے اسے پروٹین کے ہاضمے کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔
یونیورسٹی آف الینیوس میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق پروٹین کے ہاضمے کو بہتر بنانے کے لیے سب سے زیادہ بہتر اچھی طرح پکا ہوا پپیتا ہے۔
علاوہ ازیں پپیتے کو پیٹ کے دیگر مسائل اور عام بیماریوں جیسے کہ بدہضمی، آنتوں کے مسائل کے حل میں بھی مددگار سمجھا جاتا ہے۔