کھیل

’کراچی جیتا تو فائنل کیلئے لاہور جاؤں گا‘

کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے انگلش کھلاڑی روی روی بوپارہ نے پی ایس ایل فائنل کیلئے لاہور آنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لاہور میں منعقد ہونے والے فائنل کے لیے شائقین کرکٹ کو جتنا بے صبری سے انتظار ہے وہیں غیر ملکی کھلاڑی بھی ایونٹ کے فائنل کا ہر صورت حصہ بننے کے لیے پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔

پشاور زلمی کے 5 غیر ملکی کھلاڑیوں کی پہلے ہی لاہور آنے کی تصدیق ہوچکی ہے اور انہیں پاکستان کے ویزے بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے غیت ملکی کھلاڑیوں کے لاہور آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’کپتان ڈیرن سیمی، مارلن سیمیولز، انگش کھلاڑی ڈیوڈ ملان، سمت پٹیل اور کرس جارڈن لاہور آئیں گے۔‘

اب کراچی کنگز کے روی بوپارہ نے بھی پی ایس ایل فائنل کے لیے لاہور آنے کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر اپنے پیغام میں روی بوپارہ نے کہا کہ ’اگر کراچی ٹیم فائنل میں پہنچی تو میں لاہور جاؤں گا۔‘

لیکن کراچی کنگز کو ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے پشاور زلمی کے خلاف پلے آف راؤنڈ کے ناک آؤٹ میچ میں فتح حاصل کرنی ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سیزن میں روی بوپارہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے جبکہ شعیب ملک کی جانب سے قیادت سے دستبردار ہونے پر انہوں نے بقیہ میچوں ٹیم کی قیادت کی تھی۔

گزشتہ سال کی چمپیئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ ڈین جونز نے بھی پی ایس ایل فائنل میں کمنٹری کے لیے لاہور آنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ویوین رچرڈز اور باؤلنگ کوچ جولین فاؤنٹین بھی فائنل میں اپنی ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پلے آف راؤنڈ کے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے۔