فضا علی اور نبیل قریشی کا ٹی وی کو خیرباد
پاکستانی فلم ’نامعلوم افراد‘ کی کامیابی کو لوگوں نے اچھی قسمت کا نام دیا، جس کے بعد پروڈیوسر فضا علی میرزا اور ہدایت کار نبیل قریشی نے گزشتہ سال فلم ’ایکٹر ان لا‘ کی کامیابی کے بعد سب کو غلط ثابت کیا۔
فلم ’ایکٹر ان لا‘ 2016 کی سب سے زیادہ کمانے والی فلم کے طور پر سامنے آئی، جس میں کئی سچے واقعات پر مبنی کہانیوں کو پیش کیا گیا۔
خیال رہے کہ ’ایکٹر ان لا‘ فضا علی میرزا اور نبیل قریشی کی ایک ساتھ بنائی دوسری ہٹ فلم ہے۔
یہ دونوں ہی فلموں کے علاوہ ٹی وی پر بھی کام کرچکے ہیں، تاہم اب ان کا کیریئر صرف فلموں پر ہی فوکس کرے گا۔
ڈان امیجز کو دیے ایک انٹرویو میں فضا علی میرزا اور نبیل قریشی نے کہا کہ وہ ٹی وی کو خیرباد کہتے ہوئے اپنے کیریئر میں اب فلموں پر فوکس کریں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ان دونوں ہی کامیاب فلموں میں اداکار فہد مصطفیٰ نے مرکزی کردار ادا کیا، اس حوالے سے فضا علی میرزا اور نبیل قریشی نے کہا کہ ’ہمیں فہد کے ساتھ فلم نامعلوم افراد میں کام کرکے بےحد مزہ آیا، ہم نے ایکٹر ان لا بناتے ہوئے بھی فہد کو ہی سوچ رکھا تھا‘۔
واضح رہے کہ فضا علی میرزا اور نبیل قریشی بولی وڈ اداکار اوم پوری کے ساتھ کام کرنے والے آخری پاکستانی فلم ساز ہیں، اپنی فلم میں اوم پوری کے کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فضا علی میرزا کا کہنا تھا کہ ’اوم پوری کو فلم میں کام کرتے دیکھنے کا ایک الگ مزہ تھا، ہمیں شدید صدمہ لگا جب ہمیں ان کے انتقال کی خبر ملی‘۔
یہ دونوں بہت جلد اپنی کامیاب فلم ’نامعلوم افراد‘ کا سیکوئل بنانے جارہے ہیں، اور اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس پر کام جاری ہے۔