لائف اسٹائل

حریم فاروق کی نئی مزاحیہ فلم ’پرچی‘

پروڈیوسر عمران کاظمی کے مطابق فلم کے ہدایت کار اظفر جعفری ہیں, جو اس سے قبل ’جانان‘ کی ہدایت کاری بھی کرچکے ہیں۔

فلم جانان کی پروڈیوسر حریم فاروق اور عمران کاظمی اپنے نئے پروجیکٹ سے ایک بار پھر فلم بینوں کو محظوظ کرنے والے ہیں۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے پروڈیوسر عمران کاظمی نے آنے والی فلم ’پرچی‘ سے متعلق کچھ معلومات فراہم کیں۔

عمران کاظمی کے مطابق پرچی ایک مزاحیہ فلم ہے جو تیاری کے ابتدائی مراحل میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلم کے ہدایت کار اظفر جعفری ہیں، جو اس سے قبل ’جانان‘ کی ہدایت کاری بھی کر چکے ہیں، جبکہ میں اور حریم اس کے پروڈیوسر ہیں۔

فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ستاروں کے حوالے سے اب تک حریم فاروق کے ساتھ ساتھ اداکار علی رحمٰن اور عثمان مختار کے نام سامنے آئے ہیں، جب کہ فلم کے لیے دو مزید اداکاروں کا انتخاب کیا جانا ابھی باقی ہے۔

عمران کاظمی کے مطابق مزید اداکاروں کے انتخاب کے لیے آڈیشنز جاری ہیں جبکہ آئندہ چند دنوں میں اس حوالے سے بھی معلومات سامنے آجائیں گی۔

فلم کی مرکزی کاسٹ میں شامل حریم فاروق اور علی رحمٰن

عمران کاظمی کے مطابق ان کی ساری توجہ ایک ہلکی پھلکی فلم بنانے پر مرکوز تھی جبکہ فلم کے نام سے اس کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، تاہم اس حوالے سے وہ مزید تفصیلات بتانے سے گریز کریں گے۔

عمران کاظمی کا یہ بھی کہنا تھا کہ سینما فرار کی ایک جگہ ہے، ہمارے گھروں میں اس قدر پریشانیاں موجود ہوتی ہیں، اس لیے ہم امید کرتے ہیں کہ فلم دیکھنے آنے والے لوگ گھروں کو واپس لوٹنے سے قبل کچھ تفریح حاصل کرسکیں۔

فلم میں شامل گانوں کی بات کرتے ہوئے عمران کاظمی کا بتانا تھا کہ انہیں امید ہے کہ آنے والی فلم کے گانے جانان سے بہتر ہوں گے، فلم ’پرچی‘ کا بیک گراؤنڈ سانگ علی احمد گائیں گے جبکہ بقیہ گانوں میں مختلف گلوکار شامل ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسیقی کے حوالے سے وہ کچھ بہترین پلان کررہے ہیں، گذشتہ فلم جانان میں ایک آدھ گانے تو اچھے تھے تاہم باقی گانوں سے وہ خود بھی مطمئن نہیں تھے لہذا اس بار وہ چاہتے ہیں کہ کوئی ایسا گانا نہ ہو جس سے وہ خود بھی مطمئن نہ ہوں۔

عمران کاظمی کی اس سے قبل دونوں فلمیں ’سیاہ‘ اور ’جانان‘ کے لکھاری عثمان خالد بٹ تھے، تاہم اس بار انہوں نے شفقت خان کی خدمات حاصل کی ہیں، اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شفقی بھائی تھیٹر کے لیے کام کرتے ہیں جبکہ بہترین لکھاری ہیں اور جس طرح وہ ڈائیلاگز لکھتے ہیں وہ نہایت شاندار ہے۔

فلم پروڈیوسر کے مطابق وہ فلم میں بہت کچھ ایسا شامل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس پر اس سے قبل تجربہ نہیں کیا گیا لیکن وہ اس کی تفصیلات فی الحال بیان نہیں کرنا چاہتے۔

تاہم عمران کے مطابق ’پرچی کی مکمل شوٹنگ پاکستان میں ہوگی اور یہ ایک مزاحیہ فلم ہوگی لیکن اس کا پیغام سنجیدہ اور بامعنی ہوگا‘۔