سات جنموں کی قسم: ٹنڈو آدم میں اجتماعی ہندو شادی کی جھلکیاں
شادی ہال میں داخل ہوتے ہی بچپن میں دیکھی ہوئی کسی بولی وڈ فلم کے کسی منظر میں داخل ہونے کا گمان ہوتا ہے۔ دلہن کی سکھی سہیلیوں کی کھلکھلاہٹ اور اِدھر سے اُدھر دوڑم بھاگ ہے۔ پھولوں کی خوبصورت سجاوٹ اور دھنک کے سارے رنگ بکھرے ہوئے ہیں۔ 2 ہزار مہمانوں کی آمد سے تقریب کسی شادی سے زیادہ کسی میلے کا سماں باندھے ہوئے ہے۔
مگر اس شادی کی سب سے خاص اور مختلف بات یہ ہے کہ یہ ایک اجتماعی شادی کی تقریب ہے جہاں ایک سے زائد جوڑے رشتہءِ ازدواج میں بندھنے جا رہے ہیں۔
کم آمدن والے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے 15 جوڑوں نے شاید ایسی شاندار تقریب کا تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔ یہ اڈیرو لعل ویلفیئر آرگنائزیشن اور دیگر مختلف تنظیموں اور افراد کی ہی مہربانی ہے کہ جن کی مالی معاونت سے اس تقریب کا انعقاد ہوا ہے، جس میں دلہنیں اور دولہے خود کو اس سرد دن میں کسی دیس کی رانی اور راجہ تصور کر رہے ہیں۔