پاکستان کو آسٹریلیا میں لگاتار چوتھا وائٹ واش
سڈنی: آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 220 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کردیا۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 465 رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم پاکستان کی پوری ٹیم 244رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔
میچ کے پانچویں روز پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو پہلے ہی اوور میں اظہر علی کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا نے جیت کی بنیاد رکھی۔
بابر اعظم تواقعات کے باوجود ایک بار پھر ناکام ہوئے اور 9 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کو سب سے بڑا دھچکا اس وقت لگا جب یونس خان 13 رنز بنانے کے بعد ناتھن لایون کو وکٹ دے بیٹھے۔
یاسر شاہ نے 93 گیندیں کھیل کر نائٹ واچ مین کردار بخوبی ادا کیا اور جب وہ پویلین لوٹے تو 96 رنز پر آدھی پاکستانی ٹیم آؤٹ ہو چکی تھی۔
اسد شفیق نے کپتان مصباح الحق کے ساتھ مل کر 136 رنز بنائے لیکن مچل اسٹارک نے وکٹیں بکھیر کر ان کی پیش قدمی روک دی۔
سرفراز احمد اور مصباح الحق نے ساتویں وکٹ کیلئے 52 رنز جوڑے لیکن پہلی اننگز میں غیر ضروری شاٹ کھیلنے والے پاکستان کے کپتان نے اپنی غلطی دہراتے ہوئے اسٹیو اس کیف کو وکٹ تحفتاً پیش کی۔
سرفراز احمد آسٹریلین بلے بازوں کے خلاف ڈٹ گئے لیکن دوسرے اینڈ سے کوئی بھی کھلاڑی ان کا ساتھ نبھانے پر تیار نہ ہوا اور پوری ٹیم 244 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، سرفراز نے 75 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
آسٹریلیا نے میچ میں 220 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش بھی مکمل کر لیا۔
یہ آسٹریلین سرزمین پر پاکستان کو لگاتار چوتھا وائٹ واش اور 12ویں مسلسل شکست ہے۔
آسٹریلین اوپنر ڈیوڈ وارنر کودونوں اننگز میں جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ آسٹریلین کپتان پوری سیریز میں اپنی ٹیم کی بہترین قیادت اور ذمے دارانہ بیٹنگ پر بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کے مستحق قرار پائے۔