فیڈرر کی 2017 میں ٹینس میں فاتحانہ واپسی
سابق عالمی نمبرایک سوئٹزرلینڈ کے ٹینس اسٹار روجرفیڈرر نے ہوپ مین کپ میں کامیابی کے ساتھ 2017 میں ٹینس کورٹ میں فاتحانہ واپسی کردی۔
آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلے جارہے ہوپ مین کپ میں روجر فیڈرر نے 6 ماہ کے طویل عرصے انجری کے باعث ٹینس سے دور رہنے کے بعد برطانیہ کے ڈین ایوانز کو 61 منٹ کے مقابلے میں 6-3 اور 6-4 سے باآسانی شکست دے دی۔
خیال رہے کہ فیڈرر گھٹنے اور کمر کی تکلیف کے باعث 6 ماہ کے لیے کھیل سے باہر ہوگئے تھے۔
روجرفیڈرر 2002 میں سرفہرست 10 کھلاڑی میں شامل ہوئے تھے جبکہ 2004 میں عالمی نمبر ایک بن گئے تاہم 2016 میں بدترین 16 ویں پوزیشن پر چلے گئے تھے اور اب ایک مرتبہ پھر سال کا آغاز کامیابی کےساتھ کرلیا ہے۔
میچ میں کامیابی کےبعد ان کا کہنا تھا کہ 'پہلا میچ جو بہت زبردست تھا کیونکہ توقعات بہت کم تھیں'۔
فیڈرر نے انجری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'تین اور چار ہفتوں سے اپنے گھٹنے کے حوالے سے سوچنا ختم کردیا کیونکہ مجھے کوئی درد محسوس نہیں ہورہا ہے'
پرتھ میں ٹینس کے ریکارڈ 13 ہزار 684 تماشائیوں کے سامنے اپنے میچ میں کامیابی پر فیڈرر نے خوشی کا اظہار کیا جبکہ ان کے مداحوں کا جوش بھی دیدنی تھا۔
فیڈرر اپنا اگلا میچ جرمنی کے نوجوان کھلاڑی الیگزینڈر زویریو کے خلاف 4 جنوری کو کھیلیں گے۔