کھیل

میچ فکسنگ پر میکسیکن ٹینس کھلاڑی پر پابندی

میکسیکو کے ڈینیل گارزا پر 2015 میں میچ فکسنگ کا جرم ثابت ہونے پر 6 ماہ کی پابندی عائد کردی گئی۔

میکسیکو کے ٹینس کھلاڑی ڈینیل گارزا پر میچ فکسنگ کا جرم ثابت ہونے پر 6 ماہ کی پابندی اور 5 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ٹینس انٹیگریٹی یونٹ کا کہنا ہے کہ 31 سالہ ڈینیل گارزا نے مارچ 2015 میں امریکی ریاست کیلیفورنیا میں منعقدہ آئی ٹی ایف فیوچرز ٹور کے ایک میچ میں فکسنگ کی تھی۔

گارزا نے 2012 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے درجہ بندی میں اپنی پوزیشن بہتر بنا لی تھی۔

گارزا کا جرم گزشتہ سال آئی ٹی ایف یو ایس اے فیوچرز 11 ٹورنامنٹ کے دوران ثابت ہوا تھا جس میں انھوں نے حصہ نہیں لیا تھا۔

گارزاپر پابندی کا اطلاق فوری طورپر ہوگا جس کے مطابق وہ ٹینس کی گورننگ باڈی کی جانب سے منعقد ہونے والے کسی بھی ایونٹ یا ٹورنامنٹ یا مقابلے میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

میکسیکن کھلاڑی نے 2010 میں سینٹرل امریکن اینڈ کیریبیئن گیمز میں کامیابیاں سمیٹی تھیں۔