'پاک-بھارت مسائل کا حل کھیلوں کے ذریعے ممکن'
پاکستان کے سابق کرکٹرز نے جنگی جنون کا شکار ہندوستانی میڈیا اور ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے سربراہ انوراگ ٹھاکر کے غیرذمے دارانہ رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل کو سیاست سے پاک رکھا جائے۔
پاکستانی کرکٹرز نے ہندوستانی میڈیا کی جانب سے شاہد آفریدی کے امن پسندانہ پیغام کا مذاق اڑانے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ہندوستان سے جاری حالیہ کشیدگی کو دیکتھے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امن کا پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم امن پسند قوم ہیں۔ جب مذاکرات سے معاملات حل ہو سکتے ہیں تو پھر انتہائی اقدامات کی باتیں کیوں کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سب سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔ جب دو پڑوسی لڑتے ہیں تو دونوں گھر متاثر ہوتے ہیں۔
تاہم شاہد آفریدی کے اس امن کے پیغام کا ہندوستانی میڈیا نے مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ 'آفریدی ہندوستان آرمی سے ڈرتے ہیں'۔
سرکاری ٹی وی پر پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز پر ماہرانہ تجزیے کیلئے موجود شاہد آفریدی سے جب میزبان نے اس حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ 'ہندوستانیوں کو معلوم نہیں ہے کہ پاکستان آرمی سے پہلے پٹھان آگے کھڑے ہوئے ہوتے ہیں، پٹھانوں نے سرحدیں سنبھالی ہوئی ہیں'۔
یاد رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی کے آغاز کے بعد سے ہندوستانی میڈیا مستقل انتہائی غیر ذمے دارانہ رویہ اپناتے ہوئے جنگ کو ہوا دے رہا ہے جبکہ ہندوستانی سیاستدان بھی اسی ڈگر پر چل رہے ہیں۔
اپنی امارت کے سبب کرکٹ پر راج کرنے والے کرکٹ بورڈ کے سربراہ انوراگ ٹھاکر نے گزشتہ دنوں بیان دیا تھا کہ ہندوستانی حکومت پاکستان کو تنہا کرنے کی حکمت عملی اپنا چکی ہے اور آئی سی سی سے درخواست کی عالمی مقابلوں میں پاکستان اور ہندوستان کو ایک ہی گروپ میں نہ رکھا جائے۔