میلان: فیشن، آرٹ، اور تاریخ کا آئینہ دار
اٹلی کا مزاج کچھ کچھ پاکستانی ہے۔ یہاں ایسے پھل سبزیاں بکثرت دکھائی دیتی ہیں جو ہم پاکستان میں دیکھنے کے عادی ہیں۔
آئیے آج آپ کو میلان لیے چلتے ہیں جو آبادی کے لحاظ سے اٹلی کا دوسرا بڑا شہر اور اہم تجارتی مرکز بھی ہے۔ فیشن کی دنیا کے ڈھیروں رنگ لیے یہ شہر نہ صرف یورپ کی 26 صدیوں کی تاریخ کا آئینہ دار ہے بلکہ مستقبل کی دوڑ میں بھی نمایاں نظر آتا ہے۔
اس خوبصورت شہر میں مجھے دو دن گزارنے کا موقعہ ملا، ہوٹل رسیپشنسٹ سے میں نے پوچھا کہ اس شہر میں سب سے پہلے کہاں جانا چاہیے تو اس نے تپاک سے مرکزی کیتھڈرل جانے کا مشورہ دے ڈالا۔
کیتھڈرل جاتے ہوئے ایک رنگ برنگی گلی نے میری توجہ اپنی جگہ مبذول کروا لی۔ اس تنگ گلی کے دونوں اطراف لوگوں نے اسٹال لگا رکھے تھے۔
ان اسٹالز پر روایتی کپڑے، جیولری جیسی چیزیں دستیاب تھیں مگر مجھے ان سب سے ہٹ کر پھل اور سبزیوں کے اسٹال سب سے زیادہ دلکش لگ رہے تھے۔