ہندوستان بالکل گھر جیسا لگا: سجل علی
پاکستانی اداکارہ سجل علی اس وقت اپنے کیریئر کے سب سے اہم موڑ پر ہیں جہاں ایک طرف ان کی پہلی پاکستانی فلم ’زندگی کتنی حسین‘ ہے جلد ریلیز ہونے والی ہے، جس کے ساتھ وہ بہت جلد بولی وڈ ڈیبیو فلم ’موم‘ میں بھی نظر آئیں گی۔
کئی مشہور پاکستانی ڈراموں میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والی سجل علی نے حال ہی میں اپنی بولی وڈ فلم ’موم‘ کی شوٹنگ مکمل کی ہے۔
ڈان امیجز نے سجل علی سے انٹرویو کیا جس میں اداکارہ نے اپنے مستقبل کے پروجیکٹس کے بارے میں بات کی۔
سجل سے سوال کیا گیا کہ انہوں نے ’زندگی کتنی حسین ہے‘ جیسی نان کمرشل فلم کے ساتھ ہی فلمی صنعت میں قدم کیوں رکھا؟ جس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’زندگی کتنی حسین ہے ایک رومانوی فلم ہے جسے میں نان کمرشل فلم نہیں مانتی، یہ ہر قسم کے ناظرین کے لیے بنائی گئی ہے، مجھے لگتا ہے کہ یہ بہت مختلف فلم ہے‘۔
انہوں نے بولی وڈ فلم ’اڑتا پنجاب‘ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی کافی مختلف فلم تھی جس میں منشیات کی فروخت کے حوالے سے بات کی گئی تھی جسے ریلیز کے بعد اچھا ردعمل موصول ہوا۔
مزید پڑھیں: عدنان صدیقی اور سجل بھی بولی وڈ میں؟
سجل کے مطابق ’میں نے اس فلم میں ایک ایسا کردار ادا کیا ہے جو اس سے قبل کبھی نہیں کیا اور امید ہے کہ یہ مداحوں کو پسند آئے گا، اس موقع پر کامیابی اور ناکامی کے بارے میں سوچنا مشکل ہے، میرا ماننا ہے کہ ہمیں ہر قسم کی فلم بنانی چاہیے تاکہ پاکستانی سینما کو آگے لے جایا جاسکے‘۔