دوست نہ ہونا صحت کیلئے تمباکو نوشی جتنا تباہ کن
لوگوں میں غیرمقبول ہونا دل کی صحت کے لیے تمباکو نوشی جتنا ہی تباہ کن ثابت ہوتا ہے۔
یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
ہارورڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق سماجی طور پر الگ تھلگ رہنے والے افراد میں ہارٹ اٹیک اور فالج کا باعث بننے والے ایک پروٹین کی سطح بہت زیادہ بلند ہوتی ہے۔
آسان الفاظ میں ایسے افراد میں ہارٹ اٹیک یا فالج جیسے جان لیوا امراض کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے جو موت کا باعث بن سکتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق دوستوں کی تعداد اہمیت نہیں رکھتی بلکہ ان کی قربت زیادہ اہم ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ خون کے لوتھڑے بننے کا باعث بننے والے پروٹین فائبرینوجن (fibrinogen) کی مقدار دوستوں سے محروم افراد میں بہت زیادہ ہوتی ہے۔
تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ جن لوگوں کے بہت زیادہ اچھے دوست ہوتے ہیں، ان میں اس پروٹین کی مقدار کم ہوتی ہے جبکہ غیرمقبول لوگوں میں اس کی مقدار تمباکو نوشی کرنے والے افراد جتنی ہی زیادہ ہوتی ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ اگرچہ ابھی اس حوالے سے کوئی واضح وجہ تو سامنے نہیں آسکی مگر امکان ہے اس کی وجہ دوستوں کی جانب سے مشکلات میں مدد ملنا یا خیال رکھنا ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ آخر دوستی اتنی اہم کیوں ہوتی ہے۔