کھیل

فاتح اسکواش ٹیم کا وطن پہنچے پر والہانہ استقبال

پولینڈمیں چیمپین شپ جیت کرآنیوالی ٹیم کو نور خان ایئربیس پر خوش آمدید کہنے کیلئے فضائیہ کے سربراہ خود موجود تھے۔

اسلام آباد: پولینڈ میں ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپین شپ جیت کر آنے والی ٹیم کا اسلام آباد ایئر پورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا، نور خان ایئربیس پر ٹیم کو خوش آمدید کہنے کے لیے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان خود موجود تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایئر چیف کا کہنا تھا کہ امید ہے ٹیم آئندہ بھی اچھی کارکردگی دکھائے گی۔

سہیل امان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم کو ہدف دیا ہے، انشاءاللہ اگلے سال ان ہی بچوں میں سے ایک ورلڈ چیمپین شپ جیت کر دکھائے گا۔

خوشی سے سرشار کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ انھوں نے بہت محنت کی جس کا ثمر جیت کی شکل میں ملا۔

کھلاڑیوں نے کہا کہ اسکواش میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔

ٹیم میں شامل کھلاڑی عباس شوکت نے جان شیر خان اور جہانگیر خان کا دور واپس لانے کے عزم کا اظہار کیا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے کھلاڑی اسرار احمد نے کہا کہ میں ٹیم چیمپین شپ کے فائنل میں دوسری بار رسائی حاصل کی تھی، مجھے امید تھی کے میں حریف کھلاڑیوں کو اچھا ہدف دوں گا۔

ٹیم کے کوچ امجد خان اور مینجر قمر زمان نے بھی کامیابی کو اسکواش کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔

یاد رہے کہ ورلڈ ٹیم جونیئراسکواش چمپیئن شپ 7 اگست سے 16 اگست تک پولینڈ کے شہر بیلسکو-بیالا میں منعقد ہوا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی ورلڈ ٹیم جونیئراسکواش چمپیئن شپ میں فتح

جس میں قومی ٹیم کے کھلاڑی اسرار احمد نے ابتدا میں ہی پاکستان کو برتری دلاتے ہوئے مصر کے سعدیلدین ابوویش کو پہلے میچ میں 0-3 سے شکست دی۔

کھیل کے شروعات میں مصر کے یوسف عبداللہ ابراہیم نے پاکستان کے ایاز احسن کو 13/11، 11/13،11/15 اور11/16 سے زیر کرکے مقابلے کو 1-1 سے برابر کردیا۔

فیصلہ کن میچ میں عباس شوکت نے مصر کے موران طارق عبدالحامد کو 0-3 سے شکست دے کر ٹائٹل پاکستان کے نام کردیا۔

واضح رہے پاکستان کا ورلڈ ٹیم جونیئراسکواش چمپیئن شپ میں یہ پانچواں ٹائٹل ہے۔