صحت

پھل اور سبزیاں جوڑوں کے امراض کے لیے مفید

پھلوں، سبزیوں اور کم چربی والی دودھ سے بنی مصنوعات خون میں یورک ایسڈ کی سطح میں نمایاں کمی لاتی ہے، تحقیق

پھلوں، سبزیوں اور کم چربی والی ڈیری مصنوعات کا استعمال جوڑوں کے امراض میں کمی لانے کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

تحقیق کے مطابق پھلوں، سبزیوں اور کم چربی والی دودھ سے بنی مصنوعات خون میں یورک ایسڈ کی سطح میں نمایاں کمی لاکر جوڑوں کے امراض میں بہتری لاتے ہیں۔

خون میں یورک ایسڈ کی مقدار بڑھنا جوڑوں کے تکلیف دہ درد کا باعث بنتا ہے۔

اس نئی تحقیق میں یورک ایسڈ کی سطح پر اثرات مرتب کرنے والی غذاﺅں پر تجربات کیے گئے اور پھلوں، سبزیوں اور ڈیری مصنوعات کو بہترین جبکہ جنک فوڈ اور کولیسٹرول کو تباہ کن قرار دیا گیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اجناس، چربی سے پاک گوشت، مچھلی، گریاں اور بیج وغیرہ بھی اس مرض کے خلاف مددگار ثابت ہوتے ہیں، تاہم پھل اور سبزیاں اس حوالے سے زیادہ موثر ثابت ہوتے ہیں۔

محققین کا کہنا تھا کہ معالجین کو اپنے مریضوں کو اس غذا کے استعمال کا مشورہ دینا چاہئے تاکہ خون میں یورک ایسڈ کی مقدار کو کم کیا جاسکے۔

یہ نئی تحقیق طبی جریدے امریکن کالج آف Rheumatology میں شائع ہوئی۔

اس سے قبل گزشتہ سال کی ایک امریکی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ مچھلی اور اس کے تیل میں پائے جانے والے فیٹی ایسڈز جوڑوں کے امراض کا باعث بننے والے عناصر کی روک تھام کے لیے موثر ثابت ہوتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ جسم میں کچھ عناصر جوڑوں کے ارگرد موجود ٹشوز کو نشانہ بناتے ہیں جس کے نتیجے میں وہ سوج جاتے ہیں اور درد اور اکڑن کا احساس ہونے لگتا ہے۔

تحقیق میں یہ جوڑوں کے امراض کا باعث بننے والی اینٹی باڈیز کو دریافت کیا گیا جن کی سطح میں اومگا تھری فیٹی ایسڈز کے استعمال سے نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔