'ماریاشیراپوا کا ٹینس میں واپسی کا امکان'
ماسکو: روس کی ٹینس فیڈریشن کے صدر شامل تارپیشوف کا کہنا ہے کہ ماریا شیراپوا کو جنوری 2017 میں کھیلنے کی اجازت مل جائے گی۔
سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار ماریا شیراپوا کو رواں سال کے آغاز میں آسٹریلین اوپن کے دوران ممنوعہ ادویات کے استعمال پر عارضی طورپر معطل کردیا گیا تھا تاہم جون میں ان پر دوسال کے لیے کھیلنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
روس کی خبررساں ایجنسی تاس کے مطابق تارپیشوف کا کہنا تھا کہ 'ستمبر میں تمام چیزوں کا فیصلہ کیاجائے گا، حتمی طورپر کچھ کہنا ممکن نہیں لیکن میرا خیال ہے کہ وہ جنوری سےدوبارہ کھیلنا شروع کریں گی'۔
مزید پڑھیں: ’ڈرگ ٹیسٹ‘ مثبت، ٹینس اسٹار ماریہ شیراپووا معطل
29 سالہ اسٹار کھلاڑی کو ابتدائی طورپر ریو اولمپکس کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا لیکن کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے گزشتہ ماہ ان کی اپیل کے بعد اس فیصلے کو رد کرتے ہوئے 19 ستمبر تک پابندی برقرار رکھا تھا۔
شیراپوا انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) کی جانب سے رواں سال جون میں دوسال کے لیے عائد کی گئی پابندی کی سزا کو ختم کرنے یا کم کرنے کی بھرپور کوششیں کررہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ماریا شیراپوا ریو اولمپک کے لیے منتخب
عالمی ثالثی عدالت نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سماعت کو اس لیے ملتوی کیا گیا کیونکہ شیراپوا اور آئی ٹی ایف کو 'شواہد اکھٹے کرنے اور ان کو جمع کرانے کے لیے' مزید وقت درکار تھا۔
ماریا شیراپوا نے رواں سال جنوری میں امریکی شہر لاس اینجلس میں پریس کانفرنس کے دوران ممنوعہ دوا کے استعمال کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پچھلے 10 سال سے میلڈونیم کا استعمال کرتی رہی ہیں۔
انہوں نے اپنے مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ ٹینس منتظمین ان کی غلطی کی وجوہات پر غور کریں گے اور انہیں کھیلنے کا ایک اور موقع دیا جائے گا۔