استنبول: قدیم تہذیبوں کی راہ گزر
استنبول قدیم اور جدید ادوار کا ایک طلسماتی امتزاج ہے اور اسے چار دنوں میں دیکھنا میراتھن میں دوڑ لگانے کے مترادف ہے۔
کچھ دن پہلے میں اور میری بیوی نے اچانک ہی اچانک ترکی جانے کا منصوبہ بنا لیا۔ ہم نے اپنے ٹکٹ بُک کروائے، بیگ پیک کیے اور ترکی کی جانب نکل پڑے۔
ترکی قدیم یونانی اور رومن تہذیبوں کا گھر تھا جو بعد میں سلطنت عثمانیہ کا مرکز بھی رہا۔ ترکی میں ان مختلف تہذیبوں کے امتزاج نے مجھے ہمیشہ سے ہی مسحور کیا ہے۔ یہ ملک 3 لاکھ مربع میل تک پھیلا ہوا ہے اور اپنے اندر غیرمعمولی تاریخ اور ثقافت سموئے ہوئے ہے۔
شام میں جاری جنگ سے ترکی کے مشرقی علاقے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ہم نے ان سے دور رہتے ہوئے اپنے دورے کا منصوبہ ایسا بنایا جس میں ہم اہم تاریخی مقامات بھی دیکھ سکیں۔
ترکی آنے والے تقریباً ہر سیاح کی طرح ہم نے بھی اپنی سیاحت کی شروعات استنبول سے کی، جہاں دو براعظموں، یورپ اور ایشیاء کا میلاپ ہوتا ہے۔