کھیل

پاکستان کی پہلی ہاکی لیگ کے انعقاد کا منصوبہ تیار

پاکستان سپر لیگ کی طرح ہاکی لیگ میں بھی کھلاڑیوں کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کر کے اچھے معاوضے دیے جائیں گے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہاکی اور کھلاڑیوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے ملک کی پہلی پروفیشنل ہاکی لیگ کرانے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے۔

ماضی میں عظیم الشان کامیابیوں سے ہمکنار ہونے والی پاکستان ہاکی ٹیم اس وقت اپنے بدترین دور سے گزر رہی ہے جہاں تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ تک رسائی میں ناکامی کے بعد گرین شرٹس اولمپک کیلئے بھی جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

ملک میں سیکیورٹی کی خراب صورتحال کے ساتھ ہاکی کے ابتر ڈھانچے، سہولیات کی کمی اور مالی تنگ دستی کے سبب نوجوان نسل کھیل کی جانب راغب نہیں ہو رہی جس کے سبب حکام کو نیا ٹیلنٹ کی کھوج اور ہاکی دوبارہ بلندیوں تک پہنچانے کے منصوبوں پر عمل درآمد میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

رواں سال پاکستان سپر لیگ کی شاندار کامیابی کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھی رواں سال اکتوبر نومبر میں اسی طرز پر ہاکی لیگ کرانے کا اعلان کیا تاکہ کھیل کو دوبارہ صحیح ڈگر پر لایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو کھیل کے نئے تقاضوں اور مالی مسائل سے نجات دلانے کیلئے پاکستان سپر ہاکی لیگ کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی۔

ابھی تک اس بات کا فیصلہ نہیں ہو سکا کہ لیگ میں کتنی ٹیمیں شرکت کریں گی لیکن ممکنہ طور پر پی ایس ایل کی طرح یہاں بھی پانچ ٹیمیں رکھی جائیں گی لیکن سیکیورٹی صورتحال کی وجہ سے ایونٹ کے ملک میں انعقاد کے حوالے سے حکام ابہام کا شکار ہیں کیونکہ ایونٹ کے پاکستان میں انعقاد کی صورت میں شاید غیر ملکی کھلاڑیوں کو لیگ میں کھلانے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکے۔

پاکستان سپر لیگ کی ہر ٹیم میں پانچ سے چھ غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا جبکہ ہر ٹیم کیلئے ابھرتے کھلاڑیوں کو بھی شامل کرنے کی شرط رکھی گئی ہے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق لیگ کیلئے کھلاڑیوں کو پانچ کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں ڈائمنڈ کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو سب سے زیادہ 20 ہزار ڈالر ملیں گے۔

اسی طرح پلا ٹینیم کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو 15 ہزار ڈالر، گولڈ کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو 12 ہزار ڈالر اور سلور کیٹیگری کے لڑکوں کو 8 ہزار ڈالر ملیں گے۔

نئے ٹیلنٹ کے حصول اور نوجوانوں کو کھیل کی جانب راغب کرنے کیلئے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی خصوصی کیٹیگری رکھی گئی ہے جس میں ہر کھلاڑی کو کم ازکم پانچ ہزار ڈالر ملیں گے۔

گزشتہ ماہ ایونٹ کے منصوبوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور پی ایچ ایف سیکریٹری شہباز سینئر نے کہا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ اس لیگ سے پاکستان ہاکی کو ایک نئی زندگی ملے گی اور توقع ظاہر کی تھی کہ ہالینڈ، جرمنی اور دیگر یورپی ملکوں کے کھلاڑی لیگ میں شرکت کر کے اسے کامیاب بنائیں گے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔