کھیل

اسمگلنگ الزامات پرنیلم حسین کا پی ایچ ایف کونوٹس

سابق ویمن کھلاڑی نیلم حسین نے ان پر اور ان کے شوہر پر انسانی اسمگلنگ کا الزام عائد کرنے پر پی ایچ ایف کو نوٹس بھج دیا۔

لاہور: پاکستان ویمن ہاکی ٹیم کی سابق کھلاڑی نیلم حسین نے ان پر اور ان کے شوہر پر انسانی اسمگلنگ کا الزام عائد کرنے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن(پی ایچ ایف) کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔

نیلم حسین نے لاہور میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایچ ایف نے ان کے ساتھ ساتھ ان کے شوہر اور اسلام آباد کے ٹائیگر کلب کے مالک عامر سلمان پر انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا غلط الزام عائد کیا لیکن ہمیں پی ایچ ایف کی جانب سے ٹیم کو بیرون ملک لے جانے کا این او سی ملا اور نہ ہی ہم نے کسی کھلاڑی کو کسی ملک میں چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ میرے شوہر ان ڈور ہاکی کے نمایاں منتظمین میں سے ایک ہیں اور اسلام آباد ہاکی ایسوسی ایشن کی منظوری سے اسلام آباد میں چند ایونٹس منعقد کرائے۔

نیلم نے الزام عائد کیا کہ ان بھیانک الزامات کے پیچھے ہاکی کا ایک مافیا ہے اور اسی مافیا نے ان کے اہلخانہ کے ساتھ فراڈ کیا۔

ویمن ٹیم کی سابق کھلاڑی نے کہا کہ ایک نجی بینک سے منسلک بلال شبیر نامی ایک معمولی ہاکی کے کھلاڑی نے ان کی فیملی سے ایک جوائنٹ بینک اکاؤنٹ کھولنے کی درخواست کی لیکن بعد میں ہمیں پتہ چلا کہ ہمارے جوائنٹ اکاؤنٹ سے 20 لاکھ روپے نکلوا لیے گئے ہیں۔

'ایک مقدمہ درج کرا دیا ہے اور ایف آئی اے اس کی تحقیقات کر رہا ہے۔ بلال شبیر سمیت برانچ کے چار ملازمین کو معطل کردیا گیا ہے لیکن اب پی ایچ ایف کا مافیا ہمارے اہلخانہ پر دباؤ ڈال رہا ہے اور اسی وجہ سے انہوں نے ہم پر انسانی اسمگلنگ کا الزام عائد کیا ہے۔

نیلم نے الزام عائد کیا کہ پی ایچ ایف میں اثرورسوخ کے حامل چند ہاکی پلیئرز ان اور ان کے اہلخانہ کو جان سے مارنے دھمکیاں دے رہے ہیں اور ان کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے لیکن مقامی پولیس بھی اس مافیا کی حمایت کر رہی ہے۔

نیلم نے کہا کہ پی ایچ ایف کو اس نوٹس کا دو ہفتے میں جواب دینا ہو گا بصورت دیگر انھیں عدالت کا سامنا کرنا پڑے گا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔