لائف اسٹائل

'اب کبھی ریسلنگ رنگ کا حصہ نہیں بنوں گا'

انڈر ٹیکر ریٹائرمنٹ میچ کے خواہشمند نہیں اور نہ ہی کسی قسم کا خراج تحسین چاہتے ہیں۔

ریسلنگ کی دنیا کی بات ہو تو انڈرٹیکر کا نام ڈبلیو ڈبلیو ای سے دلچسپی رکھنے والے کسی بھی فرد کے لیے نیا نہیں ہوگا۔

لگ بھگ تین دہائیوں سے ریسلنگ کے میدان میں سرگرم اس لیجنڈ ریسلر کے دنیا بھر میں پرستاروں کی تعداد بلاشبہ کروڑوں میں ہوگی۔

مگر ایسی اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ اب وہ کبھی ریسلنگ کے رنگ میں کسی سے مقابلہ کرتے نظر نہیں آئیں گے اور اب وہ اس شعبے کو خیرباد کہنا چاہتے ہیں۔

برسوں سے انڈر ٹیکر ڈبلیو ڈبلیو ای میں بہت کم میچز میں ہی ایکشن میں نظر آرہے ہیں، جن میں ریسل مینیا کا مقابلہ یقینی ہوتا ہے تاہم گزشتہ سال وہ 4 ایونٹس میں مقابلے کرتے نظر آئے۔

رواں سال ریسل مینیا 32 میں شین میکموہن کو ہیل ان اے سیل میچ میں شکست دینے میں بھی کامیاب رہے جس کی شرط ہی یہ تھی کہ اگر انڈر ٹیکر کو شکست ہوگی تو اس وہ ایونٹ میں آئندہ کبھی ریسلنگ میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

اس فتح سے ریسل مینیا کے دروازے تو انڈر ٹیکر کے لیے کھلے ہیں مگر مختلف رپورٹس کے مطابق اس لیجنڈ ریسلر نے ڈبلیو ڈبلیو ای چیئرمین کو کہہ دیا ہے 'میں اب کبھی ریسلنگ رنگ کا حصہ نہیں بنوں گا اور اس کھیل کو خیرباد کہہ دیا ہے'۔

ریسل مینیا 32 میں اپنے میچ کے بعد انڈر ٹیکر نے اپنے دستانے اتار کر رنگ کے درمیان میں رکھ دیئے تھے جو کہ ریٹائرمنٹ کی خاموش علامت قرار دیا گیا تھا اور اب لگتا ہے کہ یہ واقعی ان کا اس بڑے ایونٹ میں آخری میچ تھا۔

انڈر ٹیکر کی ریٹائرمنٹ کو تقویت اس بات سے بھی ملتی ہے کہ ریسل مینیا کے بعد انہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای یورپین ٹور کا حصہ بننا تھا مگر انہوں نے اپنا نام واپس لے لیا۔

دوسری جانب ڈبلیو ڈبلیو ای چیئرمین ونس میکموہن کا ماننا ہے کہ انڈر ٹیکر کو کچھ وقت کا آرام دینا چاہئے تاکہ وہ اگلے سال کے لیے تیار ہوسکیں کیونکہ اگر وہ 2017 میں ریسل مینیا کا حصہ بنتے ہیں تو وہ ان کی اس ایونٹ میں 25 ویں بار شرکت ہوگی اور ڈبلیو ڈبلیو ای ان کے آخری میچ کو یادگار بنانا چاہتی ہے۔

تاہم انڈر ٹیکر ریٹائرمنٹ میچ کے خواہشمند نہیں اور نہ ہی کسی قسم کا خراج تحسین چاہتے ہیں، ان کا کہنا ہے 'اب بہت ہوگیا اور اب مزید کسی میچ کا حصہ نہیں بننا'۔

ڈبلیو ڈبلیو ای ریسل مینیا 33 میں جان سینا اور انڈر ٹیکر کے درمیان میچ کی خواہشمند تھی جسے لیجنڈ ورسز لیجنڈ کا نام دیا جانا ہے تاہم لیجنڈ ریسلر کی ممکنہ ریٹائرمنٹ کی بدولت پرستار ان دونوں ریسلرز کے ٹکراﺅ سے محروم رہ جائیں گے۔

واضح رہے کہ انڈر ٹیکر ماضی میں کئی بار ریسلنگ سے اکتاہٹ کا اظہار کرتے ہوئے رنگ میں دوبارہ واپس نہ آنے کی بات کرچکے ہیں تاہم بعد ازاں انہوں نے اپنا ذہن بدل لیا۔

اب وہ ایک بار پھر یہی بات کررہے ہیں تاہم ڈبلیو ڈبلیو ای ان کے آخری میچ کے لیے پرامید ہے، اب کیا ہوتا ہے اس کا فیصلہ آنے والا وقت ہی بتائے گا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔