کھیل

انگلینڈ کی جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخی فتح

انگلینڈ نےجنوبی افریقہ کے خلاف 230 رنز کا ہدف عبور کرکے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کاریکارڈبنا دیا

ممبئی: انگلینڈ نے جو روٹ کی شاندار بلے بازی کی بدولت جنوبی افریقہ کے خلاف 230 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کر کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخی فتح اپنے نام کرلی۔

ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کی ٹیم کوپہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پروٹیز بلے بازوں نے جارحانہ بلے بازی کامظاہرہ کیا۔

ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کوک نے جنوبی افریقہ کی جانب سے صرف 7 اوورز میں 96 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔

ڈی کوک 24 گیندوں پر 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے تاہم دوسرے اینڈ سے ہاشم آملہ نے ذمہ داریاں سنبھال لیں اور اسی جارحانہ انداز میں اسکور کو آگے بڑھایا۔

اے بی ڈی ولیئرز آؤٹ ہونے والے دوسرے بلے باز تھے جو 16 رنز بنا سکے انھیں عادل راشد نے آؤٹ کیا۔

ہاشم آملہ 7چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہونے والے جنوبی افریقہ کے تیسرے بلے باز تھے اس وقت پروٹیز کااسکور 133 رنز تھا۔

فیف ڈوپلیسی 17 رنز بنا کر 169 کے اسکور پر ڈیوڈ ویلی کاشکار بنے۔

جے پی ڈومینی نے 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 54 اور ڈیوڈ ملر2 چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنا کرناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنا لیے۔

انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے 2، عادل راشد اور ڈیوڈ ویلی نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

بڑے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنر جیسن روئے اور ایلکس ہیلز نےبھی جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 48 رنزبنائے۔

ایلکس ہیلز 17رنز بناکر کائل ایبٹ کی گیند پر آؤٹ ہونے والے انگلینڈ کے پہلے بلے باز تھے جبکہ دوسری وکٹ 71 رنزپر گری جب جیسن روئے 16 گیندوں پر برق رفتار 43 رنز کی اننگز کھیل کرپویلین لوٹے۔

بین اسٹوکس اسکور میں 15 رنز کا اضافہ کرنےمیں کامیاب ہوئے اور کپتان آئن مورگن 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو انگلینڈ کااسکور 111 رنز تھا تاہم جو روٹ نے انگلینڈ کی ناؤ کو پار کرنے کی ذمہ داری سنبھالی لیکن جوز بٹلر 21 رنز بناکر ان کا ساتھ چھوڑ گئے۔

جوروٹ نے 44 گیندوں پر 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 83 رنزکی شاندار اننگز کھیل کر انگلینڈ کوجیت کے قریب لاکر آؤٹ ہوئے اس وقت انگلینڈ کو جیت کے لیے 11 گیندوں پر صرف 11 رنز درکار تھے۔

معین علی نے اگلی ہی گیند پر چوکا لگا کر انگلینڈ کی شاندارفتح کویقینی بنا دی تاہم اس اہم لمحے پر جب اسکور برابر ہواتھا تو کرس جارڈن 5 اور ڈیوڈ ویلی صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

معین علی نے آخری اوور کی چوتھی گیند پر فاتحانہ شاٹ کھیل کر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کاریکارڈ انگلینڈ کے نام کردیا یہ مجموعی طور پر دوسرا بڑا ہدف ہے جس کو حاصل کیا گیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کائل ایبٹ نے 3 اور رابادا نے 2 وکٹیں حاصل کیں، عمران طاہر نے اپنے 4 اوورز میں 28 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کے جو روٹ کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔