لیموں میں شامل وٹامن سی اینیمیا کے خلاف لڑتا تو نہیں مگر یہ آئرن کی طاقت کو ضرور بڑھاتا ہے جو اس بیماری کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق وٹامن سی کے ساتھ آئرن کو کھانا ہمارے جسم میں آئرن کو جذب کرنا آسان کردیتا ہے۔ آئرن سے بھرپور غذاﺅں میں لیموں کو چھڑکنے سے نہ صرف ذائقہ بڑھتا ہے بلکہ آئرن کے تمام فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔
دل کو صحت مند بنائے
لیموں وٹامن سی کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے، ایک لیموں سے 31 ملی گرام وٹامن سی ملتا ہے، جو کہ روزانہ درکار مقدار کا 51 فیصد حصہ ہے۔ طبی تحقیقی رپورٹس میں ثابت ہوا ہے کہ وٹامن سی سے بھرپور پھل اور سبزیاں کھانے سے امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے، مگر صرف وٹامن سی ہی دل کے لیے فائدہ مند نہیں بلکہ اس میں موجود فائبر اور نباتاتی کمپاﺅنڈز بھی امراض قلب کا خطرہ نمایاں حد تک کم کرتا ہے۔
جسمانی وزن کنٹرول کرنے میں مدد دے
لیموں جسمانی وزن کم کرنے والی غذا ہے، ایک تحقیق کے مطابق لیموں میں موجود فائبر معدے میں جاکر پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرے رکھتا ہے، اور ضروری نہیں کہ لیموں کو کھایا جائے، اسے مشروب کی شکل میں استعمال کرنا بھی یہی فائدہ پہنچاتا ہے۔ اسی طرح گرم پانی میں لیموں کا عرق ملا کر پینا بھی جسمانی وزن کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔