فطرت کے میوزیم میں مقدس تالاب
ہندو عقیدے کے مطابق اس تالاب کا پانی گنگا ندی کا نعم البدل ہے اس لیے اس میں فوت شدہ افراد کی استھیاں بھی بہائی جاتی ہیں۔
سندھ کے انتہائی مشرق میں پاکستان اور ہندوستان کی سرحد کے ساتھ واقع ضلع تھرپارکر بہت سی خصوصیات کا حامل ضلع ہے۔ وہی تھر، جس کے لیے سندھ کے مشہور شاعر شیخ ایاز نے کہا تھا کہ تھر ’’فطرت کا میوزیم ہے۔‘‘
تھر کے شمال میں میرپور خاص اور عمر کوٹ کے اضلاع واقع ہیں، مشرق میں ہندوستان کے بار میر اور جیسلمیر کے اضلاع، مغرب میں بدین اور جنوب میں رن کچھ کا متنازع علاقہ ہے۔ تھرپارکر کا کل رقبہ 19،638 مربع کلومیٹر ہے۔
تھر دلچسپ تاریخی مقامات اور آثار قدیمہ سے بھرا ہوا ہے۔ پرانی مساجد، قدیم مندر، مقبرے، کنویں اور آشرم تھر کی پہچان ہیں جو اپنے اندر صدیوں کی تاریخ سموئے ہوئے ہیں۔ ایسے ہی مقامات میں سے ایک ہندوؤں کا مشہور مندر ’ساڑدھڑو دھام‘ ہے۔