کھیل

پاکستانی خواتین باکسرز نئی تاریخ رقم کرنے کیلئے تیار

پاکستان کی تین خواتین باکسرز پہلی مرتبہ کسی عالمی ایونٹ میں حصہ لینے جا رہی ہیں.

خوشلیم بانو ، رخسانہ پروین اور صوفیہ جاوید کسی بھی عالمی ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی پہلی خواتین باکسرز بننے جا رہی ہیں۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے بدھ کو جنوبی ایشیائی کھیلوں کیلئے مردوں اور خواتین سکواڈز کے اعلان کر دیا۔

خوشلیم، رخسانہ اور صوفیہ 15، 60 اور 75 کلو گرام کیٹیگری میں حصہ لیں گی۔

ٹیم مینیجر اقبال حسین نے ڈان سے گفتگو میں بتایا کہ انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کی ایک کانفرنس میں خواتین باکسرز کو آگے لانے پر زور دینے کے بعد پی بی ایف نے ان خواتین کو پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔

’کانفرنس کے بعد سے ہم اپنی خواتین باکسرز کو تیار کرنے لگے ہیں اور جنوبی ایشیائی کھیل پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرنے جا رہے ہیں‘۔

لاہور اور پشاور کے مختلف باکسنگ کلبوں کی نمائندگی کرنے والی کلثوم ، رخسانہ اور صوفیہ کو فیڈریشن کے تربیتی کیمپ میں مدعو کیا گیا تھا۔

اقبال کے مطابق، یہ محض شروعات ہے۔’ہم ان سے فوراً کوئی تمغہ جیتنے کی توقع نہیں کر رہے کیونکہ ہمارا بنیادی ہدف مئی میں شیڈول ویمنز ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ میں اچھا پرفارم کرنا ہے‘۔

مردوں کی کیٹیگری میں محب اللہ، سید محمد آصف، نعمت اللہ، گل زیب، ارشد حسین اور تنویر احمد پاکستان سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

پاکستانی سکواڈ کی کوچنگ ٹیم کے سربراہ اللہ بخش اور محمد طارق گجر ان کے معاون ہوں گے۔ جنوبی ایشیائی کھیل انڈیا کے شہر گوہاٹی میں 5 فروری سے شروع ہوں گے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں