لائف اسٹائل

عدنان سمیع کو ہندوستانی شہریت مل گئی

ہندوستانی وزارت داخلہ کے مطابق عدنان سمیع پر ہندوستانی شہریت کا اطلاق یکم جنوری 2016 سے ہوگا

نئی: پاکستانی گلوکار عدنان سمیع کو ہندوستان کی شہریت دے دی گئی۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ میں ہندوستانی وزارت داخلہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ عدنان سمیع پر ہندوستانی شہریت کا اطلاق یکم جنوری 2016 سے ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : عدنان سمیع کو انڈین شہریت دینے کی تیاریاں

واضح رہے کہ عدنان سمیع نے دو سال قبل بھی ہندوستانی شہریت کے لیے درخواست دائر کی تھی، تاہم اس وقت ان کی درخواست مسترد کردی گئی تھی جس کے بعد انہوں نے رواں سال مارچ میں ایک بار پھر شہریت کی درخواست دائر کی۔

پاکستانی شہر لاہور سے تعلق رکھنے والے 43 سالہ عدنان سمیع پہلی بار 13 مارچ 2001 میں ایک سال کے وزیٹرز کے ویزے پر ہندوستان گئے تھے، جس کے بعد ان کے ویزا میں کئی بار توسیع کی گئی۔

مزید پڑھیں : 'پاکستان میں لوگ میرے پتلے جلارہے ہیں'

27 مئی 2010 کو جاری کیے گئے ان کے پاکستانی پاسپورٹ کی مدت 26 مئی 2015 کو ختم ہوگئی جس کی حکومت پاکستان نے تجدید نہیں، جس کے بعد انھوں نے ہندوستانی حکومت سے ملک میں اپنے قیام کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قانونی قرار دینے کی درخواست کی۔

ان کی درخواست پر غور و فکر کے بعد ہندوستانی وزارت داخلہ نے انہیں غیر معینہ مدت تک ہندوستان میں قیام کی اجازت دے دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : عدنان سمیع کی انڈین شہریت کیلئے 'دوبارہ' درخواست

چند ماہ قبل عدنان سمیع کو ہندوستانی شہریت دیئے جانے کی تیاریوں کے حوالے سے خبر منظر عام پر آنے کے بعد ایک سینئر افسر نے دی ہندو کو بتایا تھا کہ عدنان سمیع خان کوہندوستانی سیٹزن شپ ایکٹ 1995 کے سیکشن 6 کے تحت شہریت دی جائے گی۔

ہندوستان میں اس سیکشن کے تحت سائنس، فلسفہ، آرٹ، ادب، دنیا میں امن اور انسانی حقوق کے لیے نمایاں خدمات فراہم کرنے والے درخواست گزاروں کو شہریت دی جاتی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.