فیس بک کا نیا لائک بٹن متعارف
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک میں اب جو پوسٹ، تصویر یا ویڈیو وغیرہ آپ لائک کریں گے اس کا انداز بالکل مختلف ہوگا۔
فیس بک نے آج سے اپنا ایک نیا فیچر ' ری ایکشنز' متعارف کرا دیا ہے جو لائک بٹن کو بدل کر رکھ دے گا۔
بہت جلد دنیا بھر کے صارفین صرف لائک (اوپر اٹھے انگوٹھے) کے نشان کی بجائے کئی ایموشنز کو استعمال کرسکیں گے ، یعنی یہ ایسا لائک بٹن ہے جس میں انگوٹھے کے ساتھ دیگر ایموجیز بھی شامل ہیں۔
اس بات کی تصدیق مارک زیوکربرگ نے اپنی ایک فیس بک پوسٹ پر بھی کی۔
فیس بک کی جانب سے اس فیچر کی آزمائش جمعہ سے آئرلینڈ اور اسپین میں شروع کی گئی جس کو بتدریج پوری دنیا تک توسیع دے دی جائے گی۔
یہ فیس بک کی جانب سے اپنے لائک فیچر کو زیادہ بہتر بنانے کی کوشش ہے جس کے حوالے سے گزشتہ ماہ مارک زیوکر برگ نے ڈس لائیک بٹن متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔
اور بظاہر یہی فیس بک ڈس لائک بٹن بھی لگتا ہے کیونکہ اس میں جب آپ کسی فیس بک پوسٹ کو پسند نہیں کرتے تو اس پر کیسے ردعمل ظاہر کریں گے؟َ اگر آپ لائک کرتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ اسے پسند کررہے ہیں اور اسی مقصد کے لیے یہ اضافے کیے گئے ہیں۔
لائک کا بٹن تو اب بھی ہوگا مگر صرف انگوٹھے کی بجاے اب صارفین ہنسی، غصے اور دیگر جذبات کا اظہار بھی کرسکیں گے۔