اگر آپ کسی لفٹ میں پھنس جائیں تو؟
اس وقت آپ کیا کریں گے جب آپ اکیلے یا کسی اور کے ساتھ لفٹ میں پھنس جائیں؟
مشورہ: پرسکون رہنا ہی کسی لفٹ میں پھنس جانے کی صورت میں باہر نکلنے کی کنجی ہے، تاہم کچھ چیزیں ایسی ہیں جو اس صورتحال کے بارے میں آپ کے زیرغور آنی چاہیئں۔
اگر بجلی غائب ہوجائے تو روشنی کا کوئی ذریعہ جیسے ٹارچ، موبائل فون لائٹ یا اسمارٹ فون میں ٹارچ ایپ کو تلاش کریں، یہ ہلکی سی جگمگاہٹ آپ کو یہ جاننے میں مدد دے گی کہ آپ کس کے ساتھ ہیں اور کنٹرول پینل کہاں ہے۔
فوری طور پر اسپیکر یا فون کی علامت بنے بٹن کو دبائیں، اگر آپ کو دوسری جانب سے کوئی جواب نہیں مل رہا تو کسی ایمرجنسی نمبر یا کسی ایسے فرد کو فون کریں جو اس جگہ موجود ہو۔
یہ آپ کے موبائل فون سگنل اور بیٹری پر منحصر ہے تاہم فون کرنے کی کوشش کریں اور اگر ایسا نہ ہوسکے، خاص طور پر کم سگنلز کی وجہ سے، تو متعدد افراد کو ایس ایم ایس ارسال کردیں جو ہوسکتا ہے کہ آپ کی مدد کرسکیں۔
اگر آپ کو وائی فائی سگنل مل سکیں تو آپ اپنے کسی واقف کو ای میل بھیجنے کی کوشش کریں بلکہ مدد کے لیے اپنے پورے دفتر کو بھی ای میل کرنے سے مت ہچکچائیں، مگر اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کی ای میل کا عنوان ایمرجنسی کا اشارہ دیتا ہو۔
اگر کمیونیکشن کے تمام تر ذرائع ناکام ہوجائیں تو لفٹ کے دروازے کو زور زور سے بجا کر لوگوں کو متوجہ کرنے کی کوشش کریں، اگر آپ کچھ لوگوں کے ساتھ وہاں پھنسے ہوئے ہیں تو باری باری ہر فرد یہ کام کریں تاکہ زیادہ توانائی صرف نہ ہو۔
کبھی بھی لفٹ کی چھت پر بنے ایمرجنسی دروازے سے نکلنے کی کوشش نہ کریں۔
اگر لفٹ کے پینل میں موجود کسی بھی بٹن سے دروازہ نہیں کھل رہا تو مدد آنے تک انتظار کریں۔
لفٹ کا وہ خلا جو دو منزلوں اور دروازے کے درمیان آتا ہے، اس سے نکلنے کی کوشش کبھی بھی نہ کریں، تاہم اگر کوئی ماہر اس حوالے سے رہنمائی کے لیے موجود ہو، اور انہوں نے لفٹ کو اس کی جگہ پر لاک کر دیا ہو، تو ایسا کیا بھی جا سکتا ہے.