ہاکی ورلڈ لیگ میں پاکستان کا سفر تمام
اینٹورپ: بیلجئیم میں ہونے والے ہاکی ورلڈ لیگ کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر پاکستان کی ریو اولمپکس میں شرکت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے تاہم ہندوستان کی ملائیشیا کے خلاف فتح نے پاکستان کی اولمپکس تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھی ہوئی ہیں۔
اینٹورپ میں کھیلے گئے میچ کی ابتدا ہی سے برطانیہ نے کھیل کر گرفت مضبوط رکھی اور پہلے نو منٹ میں دو گول کر کے پاکستانی ٹیم کے اوسان خطا کر دیے۔
برطانیہ کی جانب سے پہلا گول کرس گرفتھ اور دوسرا گول ایلسٹر براگڈن نے کیا پہلے کوارٹر میں برطانیہ کی برتری دو صفر رہی۔
دوسرے اور تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں گول نہ کرسکی لیکن چوتھے کوارٹر میں میچ کے 48وں منٹ میں عمر بھٹہ نے گول کر کے خسارہ 2-1 کردیا۔
دو منٹ بعد برطانوی کھلاڑی ہنری ویئر کو یلو کارڈ دکھا کر میدان سے پانچ منٹ کے لئے باہر بھیج دیا گیا لیکن پاکستانی فارورڈ اس سنہری موقع سے بھی فائدہ نہ اٹھا سکے اور برطانیہ نے میچ ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیت کر ایونٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
اس میچ میں ناکامی کے بعد پاکستان ٹیم نے آئندہ سال ریو دی جنیرو اولمپکس میں براہ راست کوالیفائی کرنے کا موقع ہاتھ سے گنوادیا۔
تاہم ہاکی ورلڈ لیگ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں ہندوستان نے ملائیشیا کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر پاکستان کی اولمپک میں رسائی کی امیدیں برقرار رکھیں۔
تیسرے کوارٹر فائنل میں ہندوستان اور ملائیشیا کے درمیان دلچسپ مقابلہ شروع ہوا تو ہندوستانی کھلاڑی ستبیر سنگھ نے میچ کے تیسرے ہی منٹ میں پہلا گول کردیا لیکن ملائیشیا نے یکےبعد دیگرے دو گول کرکے ہندوستان پر برتری حاصل کرلی جو تیسرے کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی۔
ہندوستان نے چوتھے اور آخری کوارٹرمیں شاندار کھیل پیش کیا اور جسجیت سنگھ نے پینالٹی کارنرز پر مسلسل دو گول کر کے ہندوستان کو سبقت دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
میچ میں فتح کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی اولمپک میں کوالیفائی کرنے کی امیدوں کو بھی برقرار رکھا ہوا ہے۔
اگر پاکستان ایونٹ میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا تو اکتوبر میں ہونیوالے اوشیانا کپ میں آسٹریلیا کی جیت پاکستان کی ریو ڈی جنیرو اولمپکس تک رسائی ممکن بنا سکتی ہے۔