کھیل

ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستان، ہندوستان میچ ڈرا

اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ ہاکی ورلڈ لیگ میں پاکستان اور ہندوستان کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو دو گول سے برابر ہو گیا۔

اینٹورپ: اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ ہاکی ورلڈ لیگ کے گروپ میچ میں روایتی حریف پاکستان اور ہندوستان کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو دو گول سے برابر ہو گیا جس کے بعد پاکستان نے ٹورنامنٹ کے کوارٹرفائنل مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

بیلجیئم کےشہراینٹورپ میں ہاکی ورلڈ لیگ کے گروپ اے میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ کا آغاز روایتی جارحانہ انداز میں ہوا اور دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے۔

میچ کیلئے فیورٹ قرار دی جانے والی ہندوستانی ٹیم کو 13ویں منٹ میں کامیابی اس وقت ملی جب رمن دیپ سنگھ نے شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی ۔

پہلے کوارٹر کے اختتام تک ہندوستان کو برتری حاصل تھی لیکن دوسرے کوارٹر میں پاکستان کو پینلٹی اسٹروک ملا جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے کپتان محمد عمران نے گول کر کے میچ برابر کردیا۔

ہاف ٹائم تک میچ برابر رہنے کے بعد تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے مزید جارحانہ کھیل پیش کیا جس کا صلہ پاکستان کو جلد اس وقت ملا جب کپتان عمران نے پینلٹی کارنر پر دوسرا گول کر کے گرین شرٹس کو سبقت دلادی۔

لیکن پاکستانی برتری زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی اور چند ہی منٹوں بعد بھارتی کھلاڑی رمن دیپ سنگھ نے گول کر کے میچ 2-2 گول سے برابر کر دیا۔

میچ کے اختتام تک دونوں ٹیموں نے مزید گول کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہ مل سکی۔

یہ میچ ڈرا کھیلنے کے ساتھ ہی پاکستان نے ایونٹ کے کوارٹر فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا ہے اور اگر پاکستانی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں فتح حاصل کر لیتی ہے تو وہ اولمپکس کیلئے کوالیفائی کر لے گی۔

قومی ہاکی ٹیم کے کپتان محمدعمران نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے ہندوستان کےخلاف میچ میں اچھا کھیل پیش کیا جس پر میں خوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میچ میں ہم سے کچھ غلطیاں ہوئیں جن کو دور کرنے کیلئے تمام کھلاڑی کام کریں گے اور آئندہ میچوں میں مزید بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔