کھیل

اولمپک کوالیفائرز کے لیے قومی ہاکی ٹیم کی مالی امداد

پی ایس بی نے فیڈریشن کی درخواست پر جواب دیتے ہوئےقومی ٹیم کو بیلجئیم بھجوانے کے حوالے سے مدد فراہم کرنیکا فیصلہ کیا۔

لاہور : پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے منگل کو قومی ہاکی ٹیم کے لیے رواں ماہ بیلجئیم میں شیڈول اہم ترین اولمپک گیمز کوالیفائنگ راﺅنڈ میں شرکت کے حوالے سے مکمل اسپانسرشپ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے کوالیفائنگ راﺅنڈ کے لیے ٹیم کے انتخاب کے حوالے سے گیارہ اور بارہ جون کو اسلام آباد میں ٹرائلز کا اعلان کیا ہے۔

اگرچہ پی ایچ ایف کی جانب سے گزشتہ دو برسوں سے فنڈز کے حصول کے لیے حکومت اور نجی اسپانسرز سے درخواستیں کی جارہی ہیں تاہم اس پر آنے والا ردعمل منفی رہا جس کے نتیجے میں قومی ٹیم کی کوالیفائرز میں شرکت خطرے میں پڑگئی تھی۔

تاہم منگل کو پی ایس بی نے آخرکار فیڈریشن کی درخواست پر جواب دیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ وہ قومی ٹیم کو بیلجئیم بھجوانے کے حوالے سے مدد فراہم کرے گا۔

کوالیفائنگ راﺅنڈ بیس جون سے پانچ جولائی تک کھیلا جائے گا اور اس کے لیے قومی تربیتی کیمپ اسلام آباد میں پی ایس بی کی مدد کے ساتھ جاری ہے۔

پی ایچ ایف کے سیکرٹری رانا مجاہد نے فیصلے کا خیر مقدم کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر اس فیصلے کو پہلے کرلیا جاتا تو پاکستان ٹیم کو بیلجیئم میں ہونے والے ایونٹ کے حوالے سے زیادہ بہتر تیاری کا موقع مل جاتا۔

انہوں نے ڈان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا " پی ایچ ایف میں ہر ایک پی ایس بی کی جانب سے معاونت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہے اور اب قومی ٹیم کے لیے کوالیفائنگ راﺅنڈ میں شرکت کے حوالے سے کوئی رکاوٹ نہیں رہ گئی"۔

انہوں نے مزید کہا " پی ایچ ایف پی ایس بی کی جانب سے ایک سے دوسرے ایونٹ کی بنیاد پر اسہانسر کا بھی خیرمقدم کرتی مگر ہم بورڈ کے اس فیصلے پر شکرگزار ہیں جو درست وقت پر کیا گیا"۔

ان کا کہنا تھا " پی ایچ ایف حکومت کی جانب سے فیڈریشن کی مالیاتی نگرانی کے لیے بھی تیار ہے تاہم کھیل کو کسی قیمت پر متاثر نہیں ہونا چاہئے"۔

دوسری جانب پی ایچ ایف نے منگل کو ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم بیلجیئم میں بیس جون سے پانچ جولائی تک کھیلے جانے والے ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل میں شرکت کررہی ہے اور فائنل ٹیم کو منتخب کرنے کے لیے ٹرائلز اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں گیارہ اور بارہ جون کو ہوں گے۔ ان ٹرائلز کو دیکھنے کے لیے وہاں قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اصلاح الدین صدیقی، اراکین ارشد علی چوہدری، ایاز محمود، خالد بشیر اور مصدق حسین موجود ہوں گے۔

قبل ازیں پی ایس بی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ پی ایچ ایف کی جانب سے بورڈ کو مالی مشکلات سے آگاہ کیا گیا تھا، پاکستان ہاکی ٹیم کو بیلجئیم میں اولمپک کوالیفائنگ راﺅنڈ کھیلنے کے لیے جانا ہے لہذا وزارت بین الصوبائی امور اور پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پاکستانی ہاکی ٹیم کے کوالیفائنگ راﺅنڈ کے دورے کو اسپانسر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے اخراجات معمول کے بجٹ سے پورے کیے جائیں گے اور پی ایس بی ٹیم کے فضائی سفر، ہوٹل کے اخراجات اور ڈیلی الاﺅنسز ادا کرے گا۔

پاکستان ہاکی ٹیم اٹھارہ کھلاڑیوں اور چار آفیشلز پر مشتمل ہوگی جو بیلجئیم میں کھیلے جانے والی ہاکی ورلڈ لیگ میں شرکت کرے گی جبکہ کوالیفائرز سے قبل قومی ٹیم آئرلینڈ کے ساتھ پریکٹس میچز بھی کھیلے گی۔

بیان کے مطابق یہ غیر معمولی اقدام پاکستان ہاکی ٹیم کی آئندہ سال برازیل میں ہونے والے اولمپک میں شرکت یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، وزارت اور پی ایس بی قومی ٹیم کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کرتے ہیں۔