'ڈھیتی دیواریں': دم توڑتی تہذیبوں کی کہانی
ڈراما مجموعی طور پر اچھا تاثر چھوڑنے میں کامیاب رہا، لیکن باریک بینی سے دیکھنے پر اس میں کچھ خامیاں بھی نظر آئیں۔
عالمی کلاسیکی ادب میں روس کے تین ادبی نام ایسے ہیں، جن کی تخلیقات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، یہ لیو ٹالسٹائی، انتون چیخوف اور میکسم گورکی ہیں۔ ان تینوں کی عالمی اور روسی ادب میں اپنی جداگانہ اہمیت ہے۔ دنیا بھر کی زبانوں میں ان کی تخلیقات کا ترجمہ ہوا۔ لیو ٹالسٹائی کو ناول نگاری کے حوالے سے زیادہ شہرت ملی، اور انتون چیخوف نے افسانے کی صنف میں زیادہ نام کمایا۔ میکسم گورکی کی مقبولیت کی وجہ بھی ناول ہے، لیکن ان کو ایک ڈراما نگار کی حیثیت سے بھی پسند کیا گیا۔
ڈرامے کی صنف پر طبع آزمائی انہوں نے اپنے ہمعصر ادیب اور دوست انتون چیخوف کے کہنے پر کی، اور پھر اس شعبے میں خوب نام کمایا۔