'شادی، ڈبلز ٹینس اہم ترین فیصلے تھے'
حیدر آباد: انڈیا کی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے شادی اور ڈبلز ٹینس کھیلنے کو اپنی زندگی کے اہم ترین فیصلے قرار دیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا نے جب ایک انٹرویو میں ثانیہ سے ان کی زندگی کے دو اہم ترین فیصلوں کے متعلق پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ ’ایک اہم فیصلہ تو 2010 میں شادی تھا‘۔
’وہ میرے کیرئیر کا نازک دور تھا اور میں نے کلائی میں زخم کی وجہ سے تقریباً ٹینس چھوڑ دی تھی۔ میں آسانی سے کنگھی تک نہیں اٹھا سکتی تھی‘۔
’شادی کے چھ مہینوں بعد شعیب نے مجھے کہا کہ آپ کو دوبارہ ٹینس کھیلنا چاہیے۔ میں ان دنوں ٹینس کے بارے میں بالکل نہیں سوچ رہی تھی اور میرے ریکٹس بیسمنٹ میں رکھے ہوئے تھے‘۔
’پھر میں ٹینس دوبارہ کھیلنا شروع کی ۔ اس وقت میری کلائی بھی بہتر تھی‘۔ ثانیہ کے مطابق ان کا دوسرا اہم ترین فیصلہ سنگلز چھوڑ کر ڈبلز ٹینس کھیلنے کا فیصلہ تھا۔
’میں مختلف ٹینس پارٹنرز کے ساتھ اچھا کھیلنے لگی اور مجھے ایسا محسوس ہونے لگا کہ میرا خواب سچ ہو رہا ہے‘۔
’یہ ایسے ہی ہے جیسے خدا نے میرے لیے راہ متعین کی۔خدا نے مجھے زندگی میں بہت کچھ دیا۔ میں بہت خوش قسمت ہوں‘۔