لائف اسٹائل

اسلام آباد: غیر مسلموں کے مسائل پر مختصر فلمیں

یہ فلمیں ملک میں بڑھتی ہوئی مذہبی عدم برداشت سے نمنٹے کی کوشش ہیں۔

اسلام آباد: پاکستان میں مختصر فلموں کی مدد سے غیر مسلموں کو درپیش مسائل کواجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

یہ فلمیں پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پیس سٹیڈیز (پیپس) نے نیریٹیو پروڈکشن کے ساتھ مل کر تیار کیں اور ان کا مقصد ملک میں بڑھتی ہوئی مذہبی عدم برداشت سے نمنٹے کی کوشش کرنا ہے۔

پیپس نے بدھ کو پانچ ایسی مختصر فلمیں پیش کیں، ان میں ملکی ترقی میں غیر مسلم پاکستانیوں کی کاوشوں کا بھی ذکر موجو دہے۔

'Our Heroes, Our Ideals’ نامی دستاویزی فلم کا موضوع عیسائی برادری کی پاکستان کیلئے عظیم خدمات ہیں۔

فلم میں ایک ایسا واقعہ بھی دکھایا گیا جب تحریک آزادی میں یونینسٹ پارٹی اور مسلم لیگ کے درمیان ٹائی کے موقع پر ایک عیسائی دیوان ایس پی سنگھ نے پاکستان کے حق میں فیصلہ کن ووٹ دیا۔

فلم کے مطابق، سنگھ نے قائد اعظم کو بتایا تھا کہ ان کی نظر میں عیسائی ایک نئے ملک میں مسلمانوں کے ساتھ زیادہ خوشی سے رہ سکتے ہیں۔

تاہم آج وہ عیسائی، جن کے بزرگوں نے پاکستان بنانے میں مدد دی، اپنے ہی ملک میں خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔

فلم میں1971اور1965 میں انڈو-پاک جنگ لڑنے والےگروپ کیپٹن سیسل چوہدری کا بھی ذکر ہے۔

چوہدری انسانی حقوق کے رضا کار اور شعبۂ تعلیم سے بھی وابستہ ہیں۔

فلم میں کھیل، تعلیم، ادب، انٹرٹینمنٹ میں اپنا حصہ ڈالنے والے کئی دوسرے غیر مسلموں کا بھی ذکر کیا گیا۔

پیپس ڈائریکٹر عامر رانا کا کہنا ہے کہ 'ہمیں بین المذاہب ہم آہنگی کی تشہیر اور عقائد کی بنیاد پر امتیازی سلوک کے خلاف بات کرنی چاہیئے اور ہم ان فلموں کے ذریعےیہی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں'۔

بدھ کو نمائش کیلئے پیش ہونے والی ایک اور فلم میں شدت پسندوں کے ہاتھوں بدترین سلوک اور تشدد کا نشانہ بننے والے غیر مسلموں کو موضوع بنایا گیا ہے۔

فلم کے مطابق، غیر مسلوں کے گھروں کو آگ لگانے والوں کی جانب سرکاری حکام کا رویہ اکثر نرم یا جانبدرانہ ہوتا ہے۔

ایک اور فلم میں سندھ کی ہندو برادری کو درپیش مسائل مثلاً جبری شادیاں، غلامیاورجبری طور پر مذہب کی تبدیلی وغیرہ کو اجاگر کیا گیا ہے۔

فلم میں خیبر پختونخوا کے سکھوں کا بھی ذکر موجود ہے۔

اسی طرح ، ایک فلم کی کہانی امتیازی سلوک کا شکار ایک نوجوان ہندو لڑکی کے ارد گرد گھومتی ہے۔

بدھ کو شدت پسندی سے متعلق دو گانے اور ماضی میں گندھارا تہذیب کے مرکزی شہر ٹیکسلا کی تاریخ پر ایک مختصر فلم بھی دکھائی گئی۔