لائف اسٹائل

آپریشن 021 سے کوئی خطرہ نہیں، ٹیم نامعلوم افراد

فلم کا ٹیسٹ اس کی پروڈکشن سے ہوتا ہے، نہ کہ اس میں کام کرنے والے ستاروں سے، پروڈیوسر فضا علی۔

کراچی: فلموں کے شائقین عید الاضحیٰ پر دو فلموں کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں، تاہم ’نامعلوم افراد‘ کی ٹیم کا کہنا ہے کہ انہیں شان کی آپریشن 021 کی بیک وقت ریلیز سے کوئی پریشانی نہیں۔

انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ (آئی او بی ایم) میں ایک پروموشنل تقریب کے دوران ٹیم کو کہنا تھا کہ انہیں اس بات سے کوئی پریشانی نہیں کہ ان کی کامیڈی فلم شان کی ایکشن تھریلر کا مقابلہ نہیں کرسکے گی۔

پروڈیوسر فضا علی مرزا کا کہنا تھا کہ فلم کا ٹیسٹ اس کی پروڈکشن سے ہوتا ہے، نہ کہ اس میں کام کرنے والے ستاروں سے۔

ڈائریکٹر نبیل قریشی کا کہنا تھا: ’شان نے پچھلے سال سات فلمیں کی تھیں، آپ نے ان میں سے کتنی فلموں کے بارے میں سنا؟ اس سوال کا جواب کسی کے پاس نہیں۔‘

اس سے قبل منڈوی والا انٹرٹنمنٹ کے ندیم منڈوی والا کا کہنا تھا کہ 021 باکس آفس پر ’بہت بہتر کرےگی‘

ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ’021 کے پاس وہ ہے جو نامعلوم افراد کے پاس نہیں، وہ ہے اسٹار پاور۔ لوگ شان کو دیکھنے آئیں گے اور ان کی وجہ سے یہ فلم کامیاب ہوگی۔’

تقریب کے دوران نبیل قریشی نے اس تاثر کو مسترد کردیا ہے ایک ہی دن دونوں فلموں کے ریلیز ہونے سے ان کی فلم پر کوئی اثر پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ دو اہم فلموں کا ایک ہی دن ریلیز ہونا پاکستانی فلم صنعت کے لیے ایک اچھی علامت ہے۔ ’

انہوں نے کہا: ’ہمارے سینما کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ لوگ دونوں فلموں کو سپورٹ کریں۔‘

ان دونوں فلموں کے ساتھ اسی روز ہریتک روشن اور کترینہ کیف کی بینگ بینگ بھی ریلیز ہوگی جس سے اس بار کی عید کی چھٹیوں میں مقابلہ مزید بڑھ جائے گا۔

اس پر نبیل کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے سینما کو سپورٹ کرنا ہوگا اور بتانا ہوگا کہ ہم کسی سے کم نہیں، چلیں آئیں بینگ بینگ کو بینگ کریں!

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ’پاکستان کو فیسٹیولز کے موقع پر غیر ملکی فلموں پر پابندی عائد کرنی چاہیے تاکہ مقامی فلموں کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔ دنیا بھر میں ایسا ہی کیا جاتا ہے۔‘

بعدازاں نامور ٹی وی میزبان فہد مصطفیٰ کا طالب علموں نے پرجوش استقبال کیا۔

بالی وڈ میں کام کرنے کے حوالے سے سوال پر فہد کا کہنا تھا کہ ہر کوئی مچھ سے آج کل یہی سوال کرتا ہے کہ میں ہندوستان کب جارہا ہوں، لوگ ہمیں بالی وڈ جانے پر مجبور کردیتے ہیں کیوں کہ اسے بینچ مارک بنادیا گیا ہے۔