قبل از وقت کام آپ کے باس کیلئے بے سود، تحقیق
نیویارک : اگر آپ کسی کام کو قبل از وقت ختم کرکے اپنے باس کے حوالے کرتے ہیں اور ستائش کے خواہشمند ہیں تو سننے میں تو یہ خیال اچھا لگتا ہے مگر سائنس کا تو ماننا ہے کہ اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔
یہ دلچسپ دعویٰ ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ عہدوں پر کام کرنے والے افراد کو اس بات کی کوئی پروا نہیں ہوتی کہ آپ نے اپنا کام مقررہ وقت سے پہلے ختم کرلیا ہے تاہم انہیں تاخیر پر پروا ضرور ہوتی ہے۔
کیلیفورنیا اور شکاگو یونیورسٹیوں کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ وعدہ خلافی تو بھاری پڑتی ہی ہے مگر اضافی محنت کی بھی کوئی قدر اعلیٰ عہدوں پر بیٹھے افراد کو نہیں ہوتی۔
تحقیق میں دفتر کاموں پر وعدہ خلافی، اسے پورا کرنا اور اضافی محنت کا جائزہ لیا گیا اور یہ بات سامنے آئی کہ چونکہ لوگ وعدوں کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں تو سماجی نظام میں یہ عام رجحان ہے کہ خودغرضی اور انعام کی توقع کے عوض تعاون کی حوصلہ شکنی کی جائے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ایک وعدہ توڑنا بھاری پڑسکتا ہے تاہم اگر آپ بہت زیادہ محنت کرتے ہیں تو اس کی بھی کوئی اہمیت نہیں ہوتی۔
محققین کا تو ماننا ہے کہ کسی کام کو قبل از وقت ختم کرنے پر آپ کو سراہا نہیں جاتا کیونکہ باس کے خیال میں یہ تو آپ کی ذمہ داری تھی اب پہلے پوری کریں یا طے شدہ وقت پر۔