'صہیب کو اوپر کے نمبر پر بھیجا جائے'
کراچی: سابق چیف سِلیکٹر اقبال قاسم نے پیر کے روز ابھرتے ہوئے نوجوان بلے باز صہیب مقصود کو اوپر کے نمبر پر کھلانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف جاری سیریز میں پاکستان کو اس کا فائدہ ہوسکتا ہے۔
سابق اسپنر کا کہنا تھا کہ صہیب اور فواد عالم نے ہمبنٹوٹا میں پہلے ایک روزہ میچ کے دوران شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور وہ حوصلہ افزائی کے مستحق ہیں۔
پینتالیس اووروں میں 276 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کا اسکور ایک موقع پر پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 106 رنز تھا تاہم صہیب اور فواد نے شاندار 147 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے گرین شرٹس کی فتح میں اہم ترین کردار ادا کیا۔
'ماضی میں صہیب اوپر کے نمبروں پر کھیل چکے ہیں، انہوں نے اوپن بھی کیا ہے۔ اس لیے میرا خیال ہے کہ (سری لنکا کے خلاف جاری سیریز میں) انہیں چوتھے یا پانچویں نمبر پر بھیجنا چاہیئے۔'
انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ مصباح الیون دوسرے ایک روزہ میچ کے دوران بھی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 2015 کے عالمی کپ سے قبل صہیب، فواد اور اسد شفیق جیسے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو مستقل بنیادوں پر موقع دینا چاہیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے سرفراز احمد کو ایک روزہ ٹیم کا بھی حصہ بنایا جانا چاہیئے تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو درست وقت پر موقع دینے سے ہی ان کے حوصلوں میں اضافہ ہوتا ہے اور اس سے ورلڈ کپ سے قبل اچھا کانبینیشن بنانے میں مدد ملے گی۔