پاکستان

پی ٹی آئی کا وائٹ پیپر جھوٹ کا پلندہ ہے، اسحاق ڈار

وزیرخزانہ کے مطابق موجودہ سیاسی بحران کے نتیجے میں کراچی اسٹاک ایکسچینج کو تین سو ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ سیاسی بحران کے نتیجے میں کراچی اسٹاک ایکسچینج کو تین سو ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

اسلام آباد میں بدھ کو پریس کانفرنس کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ سیاسی بحران ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بخوبی واقف ہیں کہ ان کا نگران سیٹ اپ کا مطالبہ غیرآئینی ہے اور وزیراعظم کو ان کی خواہشات کے مطابق ہٹایا نہیں جاسکتا۔

وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ عمران خان اور آزادی مارچ کا معاملہ سیاسی طریقے سے حل کیا جائے گا، جبکہ طاہر القادری کے مارچ سے انتظامی طریقے سے نمٹا جائے گا۔

پی ٹی آئی وائٹ پیپر

اسحاق ڈار نے مالی بجٹ کے حوالے سے پی ٹی آئی کے وائٹ پیپر کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ہر شعبہ زندگی کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں خاص طور پر نوجوانوں کے لیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت ایک سال کے دوران بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔

ان کا اصرار تھا کہ بجٹ میں صرف صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہی اقدامات نہیں کیے گئے بلکہ زرعی شعبے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ میں کاشتکاروں میں قرضوں کی تقسیم کے لیے پانچ سو ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ دیگر زرعی مقاصد کے لیے بھی سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ صرف اعلیٰ ہی نہیں عوامی طبقے کے لیے بھی ہے۔