بھارتی ریاست گجرات میں پٹاخہ فیکٹری میں خوفناک دھماکے سے 18 افراد ہلاک
بھارتی ریاست گجرات کے ضلع بناس کانٹھا میں واقع پٹاخے بنانے والی فیکٹری میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہوگئے۔
ہندوسٹان ٹائمز کی [رپورٹ][1] کے مطابق بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ منگل کو گجرات کے بناس کانٹھا ضلع کے ایک صنعتی علاقے میں واقع پٹاخہ فیکٹری میں دھماکے سے کم از کم 18 افراد ہلاک ہو گئے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ اکشے راج ماکوانا کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں 18 افراد ہلاک ہوئے ہیں، اور پانچ دیگر زخمی ہیں، کیونکہ ایک زبردست دھماکے کے بعد عمارت کی چھت گر گئی تھی۔
ہلاک شدگان میں سے بیشتر مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے مزدور اور ان کے اہل خانہ تھے۔
بناس کانٹھا کے کلکٹر مِہیر پٹیل نے بتایا کہ فیکٹری میں دھماکہ تقریباً 9:45 بجے صبح ہوا، جس سے پوری آر سی سی کی چھت گر گئی۔ یہ واقعہ ڈیسا قصبے کے قریب واقع ایک یونٹ میں پیش آیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ اکشے راج ماکوانا کے مطابق، یہ یونٹ پٹاخوں کو ذخیرہ کرنے کے لیے بنایا گیا تھا، اور اب تک کوئی ایسا ثبوت نہیں ملا ہے کہ یہاں پٹاخے تیار کیے جا رہے تھے۔ اس سے قبل، حکام نے کہا تھا کہ یہ ایک فیکٹری تھی جہاں پٹاخے بنائے جارہے تھے۔
وزیراعلیٰ گجرات کا اظہار افسوس
گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے اس واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو 4 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50000 روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔
بھوپیندر پٹیل نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، کہ ڈیسا میں پٹاخہ گودام میں آگ لگنے اور چھت گرنے سے مزدوروں کی موت کا واقعہ دل دہلا دینے والا ہے۔ غم کی اس گھڑی میں میں سوگوار لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں اس حادثے میں ریلیف، بچاؤ اور علاج کے کام کے سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں۔ میں نے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کو جلد از جلد مناسب علاج معالجے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو 4 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50,000 روپے کی امداد فراہم کرے گی۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے بھی اس واقعے میں ایم پی سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کی ناگہانی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ واقعے سے متاثرہ مزدوروں کو مکمل مدد فراہم کی جائے گی۔ یادو نے مزید کہا کہ مزدوروں کی مدد اور ان کے اہل خانہ کی مدد کے لیے تمام ضروری کوششیں کی جائیں گی۔