گجرات میں مسلمانوں کی نسل کشی دکھاتی ملیالم فلم ’ایل 2: ایمپوران‘ پر ہندو برہم
بھارتی مرکزی حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) سمیت دیگر ہندو مذہبی انتہاپسند تنظیموں کے احتجاج کے بعد ملیالم فلم ’ایل 2: ایمپوران‘ کی ٹیم نے فلم سے 17 مناظر نکالنے کا اعلان کردیا۔
بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق ہندو انتہاپسند تنظیموں کے احتجاج اور ناراضگی کے بعد فلم کی ٹیم نے 17 مناظر نکالنے، ایڈٹ کرنے اور ان میں تبدیلیاں کرنے کی تصدیق کردی۔
فلم کے زیادہ تر وہ مناظر نکالے یا تبدیل کیے جائیں گے، جن میں بھارتی ریاست گجرات میں 2002 میں بی جے پی کی جانب سے کی گئی مسلمانوں کی نسل کشی کو دکھایا گیا تھا۔
فلم کے ایک ولن ’بابا بجرنگی‘ کا نام بھی تبدیل کیا جائے گا جب کہ فلم میں ہندوؤں کی جانب سے مسلمان خواتین اور بچوں کے قتل عام کو بھی چھپایا یا نکال دیا جائے گا۔
احتجاج کے بعد فلم کی ٹیم ’ایل 2: ایمپوران‘ سے تقریبا 3 منٹ سے زائد دورانیے کے مناظر مکمل طور پر نکال دے گی جب کہ اس سے زائد دورانیے کے مناظر کو تبدیل کردیا جائے گا جب کہ کچھ ڈائلاگ کو خاموش بھی کردیا جائے گا۔
اسی حوالے سے برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ’ایل 2: ایمپوران‘ فلم 2019 کی ملیالم کی مقبول فلم ’لوسیفر‘ کا سیکوئل ہے اور اس کی بنیادی کہانی کیرالہ کی سیاست کے گرد گھومتی ہے۔
نئی فلم میں جہاں کیرالہ کی سیاست کو پورے بھارت کی سیاست کی طرح کرپٹ ہوتے دکھایا گیا ہے، وہیں فلم میں کیرالہ میں ہونے والی دہشت گردی میں عالمی تنطیموں کی مداخلت کو بھی دکھایا گیا ہے۔
نئی فلم میں سیاست اور جرائم کا دائرہ بھارتی ریاست کیرالہ سے بڑھا کر ترکیہ، یمن، چین اور سینیگال جیسے ممالک تک پھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہےاور فلم کے اچھے کردار ان جرائم کو ختم کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
فلم کے ایک کردار زید مسعود جو کہ پولیس افسر کے روپ میں نظر آتے ہیں، انہیں یتیم شخص کے طور پر دکھایا گیا ہے، جس کے والدین 2002 میں گجرات میں مسلم نسل کشی میں مارے جاتے ہیں، تاہم ان کے والدین کی نسل کشی کو براہ راست اور واضح طور پر نہیں دکھایا گیا لیکن نسل کشی کے اشارے اسی جانب دیے گئے ہیں اور اسی پر ہی زیادہ تر ہندووں کو اعتراض ہے۔
حیران کن طور پر ملیالم زبان میں بنائی گئی فلم کو وہی لوگ ہندووں کے خلاف قرار دے رہے ہیں جو کہ اس سے قبل ’دی کیرالہ اسٹوری اور کشمیر فائلز‘ جیسی مسلم مخالف فلموں کو اظہار رائے کی آزادی قرار دیتے دکھائی دے رہے تھے۔
پولیٹیکل کرائم فلم ’ایل 2: ایمپوران‘ کو عید سے چند دن قبل ریلیز کیا گیا تھا اور اب تک فلم ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی کمائی کر چکی ہے اور اس نے کئی ہندی فلموں کو بھی مقبولیت میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔