• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:49pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:52pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:49pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:52pm

وزیر اعظم سے روسی ہم منصب کی ملاقات، دو طرفہ تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر اتفاق

شائع October 16, 2024
— فوٹو: اے پی پی
— فوٹو: اے پی پی

وزیر اعظم شہباز شریف سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے موقع پر روس کے وزیر اعظم میخائل مشوستنکی نے ملاقات کی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے 23 ویں اجلاس کے موقع پر جمہوریہ روس کے وزیر اعظم میخائل مشوستنکی کی ملاقات وزیر اعظم ہاؤس میں ہوئی۔

بیان کے مطابق دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں پر تبادلہ خیال کیا اور گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستان اور روس کے مابین تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے تجارت، صنعت، توانائی، علاقائی روابط، سائنس، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں مضبوط بات چیت اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

شہباز شریف نے اپنے پہلے دورہ ماسکو کا بھی ذکر کیا جو کہ ان کا کسی بھی ملک کا پہلا دورہ تھا۔

وزیر اعظم نے اپنے دورے کی یادوں کو دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مضبوطی میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے روس کے ساتھ دوطرفہ سیاسی، اقتصادی اور دفاعی مذاکرات کو تیز کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

شہباز شریف نے برکس میں پاکستان کے لیے تعاون پر روسی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے رواں برس جولائی میں آستانہ میں صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ اپنی نتیجہ خیز ملاقات کا ذکر کیا جس کے دوران انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مزید فروغ پر اتفاق کیا تھا۔

وزیر اعظم نے پاکستان اور روس کے مابین مواصلاتی روابط کے فروغ کے لیے براہ راست پروازوں کی اہمیت پر زور دیا۔

روسی وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے 23ویں سربراہان حکومت اجلاس کے لیے پاکستان کی جانب سے کیے گئے شاندار انتظامات کی تعریف کی۔

انہوں نے پاکستان کی حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے روسی وفد کے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے ملاقات میں روس پاکستان تعاون کو مزید فروغ دے کر نئی بلندیوں پر پہنچانے کی اپنی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

ملاقات میں دونوں وزرائے اعظم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں پر تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں نے عوامی روابط کے فروغ کے لیے روسی اور اردو زبان کے تدریسی تبادلوں اور سرمایہ کاری و تجارت کی سہولت کیلئے بینکنگ شعبے میں تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔

روس کا پاکستان میں مواصلات کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار

اسلام آباد میں روس کے نائب وزیر ٹرانسپورٹ دمتری ژراؤف اور وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں روس اور پاکستان کے درمیان مواصلات کے شعبے میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

روسی نائب وزیر ٹرانسپورٹ نے مواصلات سیکٹر میں سرمایہ کاری دلچسپی کا اظہار کیا، اجلاس میں نئے منصوبوں کے امور پر بھی غور کیا گیا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ چین افغانستان کے ذریعے وسط ایشیائی ممالک تک روڈ نیٹ ورک اہمیت کا حامل ہوگا، وزرا نے اپنی گفتگو میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اجلاس کو مواصلات کے شعبے میں اہم امور پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں وفاقی سیکریٹری مواصلات اور سیکرہٹری ریلویز نے بھی شرکت کی۔

آرمی چیف کی اسلام آباد میں روسی وزیراعظم سے ملاقات

فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز

روس کے وزیراعظم میخائل میشوسٹن نے اسلام آباد میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔

شنگھائی تعاون کونسل سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے آئے روسی وزیراعظم میخائل میشوسٹن نے اسلام آباد میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی، آرمی چیف سے روسی وزیراعظم نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 18 اکتوبر 2024
کارٹون : 17 اکتوبر 2024