• KHI: Maghrib 6:35pm Isha 7:51pm
  • LHR: Maghrib 6:07pm Isha 7:28pm
  • ISB: Maghrib 6:13pm Isha 7:36pm
  • KHI: Maghrib 6:35pm Isha 7:51pm
  • LHR: Maghrib 6:07pm Isha 7:28pm
  • ISB: Maghrib 6:13pm Isha 7:36pm

بلوچستان میں پائیدار امن کیلئے وفاقی، صوبائی حکومتوں کا موثر حکمت عملی پر اتفاق

شائع August 27, 2024
فوٹو:ریڈیو پاکستان
فوٹو:ریڈیو پاکستان

بلوچستان میں پائیدار قیام امن کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے موثر حکمت عملی پر اتفاق کیا ہے۔

کوئٹہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلٰی سطح اجلاس ہوا، اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان پولیس اور لیویز کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا، بلوچستان پولیس کو جدید آلات اور سامان فراہم کیا جائے گا، پولیس افسران کی کمی کو دور کرنے کے لیے نئے اے ایس پیز کو بلوچستان میں تعینات کیا جائےگا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے درکار فنڈز کی منظوری کے لیے اپیکس سے منظوری لی جائے گی۔

اس کے علاوہ چمن میں پاسپورٹ کے مسائل حل کرنے کے لیے اسٹاف اور سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا، سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں اور پروپیگنڈے کے تدارک کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) موثر کارروائی کرے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں 14 اہلکاروں سمیت 50 افراد کو قتل کردیا تھا جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات میں نامعلوم مسلح افراد نے مستونگ، قلات، پسنی اور سنتسر میں لیویز اور پولیس تھانوں پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں متعدد اموات ہوئیں۔

سبی، پنجگور، مستونگ، تربت، بیلہ اور کوئٹہ میں دھماکوں اور دستی بم حملوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں، حکام نے تصدیق کی کہ حملہ آوروں نے مستونگ کے بائی پاس علاقے کے قریب پاکستان اور ایران کو ملانے والے ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑا دیا۔

قلات کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) دوستین دشتی کے مطابق ضلع قلات میں رات بھر ہونے والے واقعات میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 11 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ رات بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کی جانب سے بزدلانہ حملے کیے گئے، حملوں کا مقصد بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنا تھا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی موثر اور بروقت کارروائی میں 21 دہشتگرد ہلاک ہوئے، آپریشن کے دوران پاک فوج کے 10 جوان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار بھی شہید ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 16 ستمبر 2024
کارٹون : 15 ستمبر 2024