• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
شائع August 2, 2021 اپ ڈیٹ August 3, 2021
خبریں ہیں کہ عروہ حسین اور فرحان سعید کے درمیان تلخیاں ختم ہوگئیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
خبریں ہیں کہ عروہ حسین اور فرحان سعید کے درمیان تلخیاں ختم ہوگئیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

شوبز کی دنیا میں ہر ہفتے کی طرح اس مرتبہ بھی کئی خبروں پر تنازع سامنے آیا اور کئی قیاس آرائیاں بھی پھیلیں اور جہاں لوگ شوبز شخصیات پر تنقید کرتے دکھائی دیے، وہیں انہوں نے بھی مداحوں کو کئی مشورے دیے۔

اس ہفتے صدف کنول کی جانب سے شوہر کی تعریف سے متعلق دیے گئے بیان پر کافی تنازع سامنے آیا جب کہ خواتین کے خلاف تشدد اور قتل و غارت گری کے واقعات پر بھی کئی شخصیات برہم دکھائی دیں۔

بولی وڈ میں بھی اس ہفتے قیاس آرائیوں کا بازار گرم رہا اور اداکارہ شردھا کپور کی لیک ہونے والی واٹس ایپ چیٹ کے بھی چرچے رہے۔

جھانوی کپور نے پہلی کمائی کہاں خرچ کی تھی؟

بولی وڈ فلم پروڈیوسر بونی کپور اور آنجھانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی اداکارہ جھانوی کپور نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ جب کبھی کسی محبت کرنے والے شخص سے ملاقات کرنے جائیں گی، وہ سادہ سیاہ لباس کے ساتھ سنیکرز پہننے کو ترجیح دیں گی۔

جھانوی کپور کی پہلی فلم 2018 مین آئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک
جھانوی کپور کی پہلی فلم 2018 مین آئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اپنی پہلی کمائی سیر و تفریح میں ہی خرچ کردی تھی، ان کے مطابق انہیں جب پہلی کمائی کے پیسے ملے تو وہ نیویارک چلی گئی تھیں۔

جھانوی کپور کی پہلی کمائی انہیں ان کی فلم دھڑک سے ملی تھی جو 2018 میں ریلیز ہوئی تھی۔

سنبل اقبال کورونا کا شکار

پاکستانی عوام اس وقت کورونا کی چوتھی لہر کا سامنا کر رہے ہیں اور کراچی میں سب سے زیادہ تیزی سے وبا پھیلتی دکھائی دے رہی ہیں۔

جہاں چوتھی لہر کے دوران یومیہ 4 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ رہے ہیں، وہیں بعض شوبز شخصیات بھی کورونا کا شکار ہوئی ہیں، عدنان صدیقی اور سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی کے بعد اداکارہ سنبل اقبال بھی کورونا کا شکار ہوگئیں اور انہوں نے خود کو گھر تک محدود کرلیا۔

دردانہ بٹ طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل

سینئر اداکارہ دردانہ بٹ کو خرابی صحت کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا۔

اداکار عدنان ملک نے دردانہ بٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی اور بتایا کہ سینئر اداکارہ کو وینٹی لینٹر پر رکھا گیا ہے۔

اگرچہ انہوں نے اداکارہ کی طبیعت سے متعلق بتایا کہ ان کی حالت تشویش ناک ہے لیکن یہ نہیں بتایا کہ انہیں کس بیماری کے باعث ہسپتال لے جایا گیا۔

دیویا ترپاتھی کی نظر میں معیاری شخصیت کیا ہے؟

بھارتی اداکارہ دیویا ترپاتھی کو شوبز میں کام کرتے ہوئے ڈیڑھ دہائیاں گزر چکی ہے اور انہوں نے کئی اچھے ڈرامے بھی دیے ہیں۔

تاہم حال ہی میں انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں مقبول سیریل بڑے اچھے لگتے ہیں کہ دوسرے سیزن میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی تھی مگر انہوں نے ہیرو کی شخصیت کی وجہ سے کام کرنے سے انکار کیا۔

اداکارہ کے مطابق نکل مہتا کی شخصیت ایسے نہیں کہ وہ ان کے ساتھ کام کریں—فائل فوٹو: فیس بک
اداکارہ کے مطابق نکل مہتا کی شخصیت ایسے نہیں کہ وہ ان کے ساتھ کام کریں—فائل فوٹو: فیس بک

ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں دیویا ترپاتی نے بتایا کہ انہیں بڑے اچھے لگتے ہیں 2 میں کام کی پیش کش ہوئی تھی مگر چوں کہ ان کا کردار نکل مہتا کے ساتھ جڑا ہوا تھا اور انہیں ایک جوڑی کے طور پر دکھایا جانا تھا، اس لیے انہوں نے ڈرامے میں کام سے انکار کیا۔

اداکارہ کا ماننا ہے کہ نکل مہتا کی شخصیت ایسی نہیں کہ وہ ان کے ساتھ اسکرین پر جوڑی کے طور پر کام کر سکیں اور انہیں خاندان کے افراد اور دوستوں نے بھی اداکار کے ساتھ کام نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

کنزیٰ ہاشمی اداکار عمران عباس کو بھائی کیوں سمجھتی ہیں؟

اداکارہ کنزیٰ ہاشمی نے حال ہی میں ٹائم آؤٹ ود احسن میں انکشاف کیا کہ عمران عباس ان سے کئی سال بڑے ہیں اور وہ انہیں بھائی سمجھتی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ بہت چھوٹی تھیں، تب انہوں نے عمران عباس کے ساتھ کام کیا تھا اور تب انہوں نے اداکار کو بھائی کہہ دیا تھا، جس کے بعد وہ انہیں بھائی ہی سمجھتی ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ کاش عمران عباس ان کے ہم عمر ہوتے۔

اسی پروگرام میں انہوں نے چند سال پہلے کا اپنا ایک قصہ سناتے ہوئے انکشاف کیا کہ ایک دن وہ بھارتی متنازع ریئلٹی شو بگ باس دیکھنے میں مصروف تھیں کہ ان کے گھر کی گھنٹی بجی اور انہوں نے کچھ سوچے بغیر دروازہ کھولا تو ان کے گھر میں ڈاکو گھس آئے اور ان کی غفلت کی وجہ سے ڈکیتی پڑ گئی۔

ریچا چڈا ساتھی اداکارہ شلپا شیٹی کی مدد کو پہنچیں

حال ہی میں اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کی فحش فلموں میں گرفتاری کے بعد اکارہ کو بھی پولیس نے شامل تفتیش کیا، جس پر بولی وڈ دو حصوں میں تقسیم دکھائی دیں۔

کئی لوگوں نے میڈیا کی خبروں کو درست مانتے ہوئے شلپا شیٹی پر دبے الفاظ میں تنقید بھی کی اور کہا کہ وہ بھی شوہر کے ساتھ شریک جرم رہی ہوں گی لیکن ریچا چڈا جیسی اداکارائیں ان کی حمایت بھی کی۔

ریچا چڈا نے شلپا شیٹی کی حمایت کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ریچا چڈا نے شلپا شیٹی کی حمایت کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

انڈین ایکسپریس کے مطابق ریچا چڈا نے فلم ساز ہنسل مہتا کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارا قومی مشغلہ بن گیا ہے کہ مردوں کی غلطیوں کا ذمہ دار بھی خواتین کو سمجھتے ہیں۔

انہوں نے شلپا شیٹی کی حمایت کی اور کہا کہ وہ خوش ہیں کہ شلپا شیٹی نے جھوٹی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف مقدمہ کیا۔

شلیا شیٹی کے شوہر راج کندرا کو 19 جولائی کو گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اس وقت ممبئی پولیس کی تحویل میں ہیں، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے بعض ماڈلز کو بلیک میل کرکے انہیں فحش فلموں میں کام کرنے پر مجبور کیا۔

عروہ حسین اور فرحان سعید میں اختلافات ختم ہوگئے؟

رواں ہفتے اداکارہ عروہ حسین نے انسٹاگرام پر پھولوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اللہ سے تشکر کا اظہار کیا تو لوگوں نے سمجھا ان کے شوہر فرحان سعید سے خراب معاملات درست ہوگئے۔

اداکارہ کی جانب سے پھولوں کی تصاویر کے ساتھ کوئی بھی وضاحت نہیں کی گئی تھی لیکن مداحوں نے قیاس آرائیاں شروع کردیں کہ انہیں فرحان سعید نے پھول بھجوائے ہیں اور لگتا ہے کہ ان کے درمیان تلخیاں ختم ہوگئی ہیں۔

کئی مداحوں نے ان کے معاملات بہتر ہونے کی دعائیں بھی کیں لیکن اداکارہ نے کسی بھی قیاس آرائی پر کوئی وضاحت نہیں دی۔

دونوں نے 2016 میں شادی کی تھی مگر نومبر 2020 میں ان کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں، جس کے بعد یہ چہ مگوئیاں بھی تھیں کہ دونوں کی طلاق ہوگئی مگر اداکارہ کے والد نے ایسی باتوں کو افواہ قرار دیا تھا۔

تاہم تاحال عروہ حسین اور فرحان سعید نے طلاق اور اپنے کشیدہ تعلقات سے متعلق کوئی وضاحت نہیں دی لیکن گزشتہ 8 ماہ سے انہوں نے ایک ساتھ کوئی تصویر بھی شیئر نہیں کی اور نہ ہی انہیں کسی پروگرام یا منصوبے میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔

تاہم اب اداکارہ کی جانب سے پھولوں کی تصویر شیئر کرنے کے ساتھ خدا کا شکرا ادا کرنے سے سمجھا جا رہا ہے کہ ان کے شوہر سے اختلافات ختم ہوگئے۔

اریبہ حبیب کی شادی کی افواہیں

سوشل میڈیا افواہوں کا گڑ رہتا ہے، جہاں شوبز شخصیات اور خصوصی طور پر اداکاراؤں کے حوالے سے آئے دن قیاس آرائیاں ہوتی رہتی ہیں۔

حال ہی میں متعدد سوشل میڈیا پیجز نے اداکارہ اریبہ حبیب کے حوالے سے افواہیں پھیلائیں کہ اداکارہ جلد شادی کے رشتے میں بندھنے والی ہیں۔

بعض پوسٹس میں اداکارہ کے ساتھ ایک شخص کی تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ اداکارہ کی سعدین عمران نامی شخص سے بات پکی ہوگئی ہے۔

بولی وڈ ولن کی بیٹی کی رومانوی چیٹ لیک

بولی وڈ ولن شکتی کپور کی بیٹی اداکارہ شردھا کپور کے حوالے سے خبریں سامنے آئیں کہ ان کی واٹس ایپ چیٹ لیک ہوگئی۔

دراصل فوٹوگرافرز نے جب شردھا کپور کی تصاویر کھینچیں تب وہ کسی انتہائی قریبی شخص سے واٹس ایپ پر رومانوی چیٹنگ میں مصروف تھیں اور تصاویر کے دوران ان کے واٹس ایپ کی بھی تصاویر آگئیں۔

بعد ازاں ان کی مذکورہ تصاویر بھارتی سوشل میڈیا اور شوبز ویب سائٹس میں پھیل گئیں اور دعویٰ کیا گیا کہ واٹس ایپ میں اداکارہ کسی شخص سے رومانوی چیٹ کر رہی تھیں۔

تاہم کئی لوگوں کے مطابق شردھا کپور کے واٹس ایپ کے اسکرین شاٹ کو ایڈٹ کیا گیا ہے۔

اداکارہ کے واٹس ایپ کے وائرل ہونے والے اسکرین شاٹ میں کسی بھی شخص کا نام پڑھنے میں نہیں آ رہا۔

شوہر اپنی بیوی کو ملکہ کے طور پر رکھے، متھیرا

اداکارہ صدف کنول کی جانب سے حال ہی میں شوہر کی تعریف میں دیے گئے بیان کے بعد اداکارہ و ماڈل متھیرا نے کہا ہے کہ مرد و خواتین دونوں کو ایک دوسرے کی عزت و احترام کرنا چاہیے۔

متھیرا نے صدف کنول کو مینشن کیے بغیر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ایک خاتون کو اپنے شوہر کو بادشاہ جب کہ میاں کو اپنی اہلیہ کو ملکہ کے طور پر دیکھنا چاہیے۔

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ہمارے سماج میں بعض مرد بادشاہ تو بننا چاہتے ہیں مگر بدقسمتی سے وہ اپنی خاتون کو ملکہ کا درجہ نہیں دیتے۔

متھیرا سے قبل صدف کنول نے ایک پروگرام میں کہا تھا کہ پاکستانی سماج کی روایات اور تہذیب یہ ہے کہ شوہر کو اہمیت دی جانی چاہیے، بیوی لازمی طور پر ان کے کپڑے استری کرے، ان کے جوتے اٹھائے اور ان کی ہر ضروریات کا خیال رکھے۔

صدف کنول کے ایسے بیان کے بعد ان پر جہاں تنقید کی گئی، وہیں کئی لوگوں نے ان کی حمایت بھی کی۔

دو حمل ضائع ہونے کے بعد دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی، گیتا بسرا

سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ کی اہلیہ اداکارہ گیتا بسرا نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہونے سے قبل ان کے دو حمل ضائع ہوگئے تھے۔

ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں گیتا بسرا نے بتایا کہ تیسرا حمل ٹھہرنے سے قبل طبی پیچیدگیوں کے باعث ان کے دو حمل ضائع ہوئے، جن میں سے پہلا حمل 2019 جب کہ دوسرا 2020 میں ضائع ہوا اور وہ دونوں بار تین ماہ کے حمل سے تھیں۔

گیتا بسرا کے ہاں گزشتہ ماہ جولائی کے آغاز میں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی تھی، اس سے قبل ان کے ہاں جولائی 2016 میں پہلی بیٹی ہنایا ہیر کی پیدائش ہوئی تھی، اداکارہ اور سابق کرکٹر نے اکتوبر 2015 میں شادی کی تھی۔

اشنا شاہ کا تمام والدین کو اپنے بچوں کی خود تربیت کرنے کا مشورہ

اداکارہ اشنا شاہ سوشل میڈیا پر متحرک رہتی ہیں اور اکثر سماجی مسائل پر کھل کر بات کرتی ہیں، حال ہی میں انہوں نے انسٹاگرام پر بچوں کی تربیت اور پرورش سے متعلق معروف لکھاری کا قول شیئر کرتے ہوئے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کی تربیت خود کریں۔

اشنا شاہ نے انگریزی میں قول لکھا کہ کسی کے بچوں کی تربیت کرنا تفریح فراہم کرنے والے کسی بھی شخص کی ذمہ داری نہیں ہے، یہ کام ہر والدین کو خود کرنا ہوگا۔