قیدیوں کی رہائی، ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف درخواست پر سپریم کورٹ کا بینچ تشکیل

اپ ڈیٹ 28 مارچ 2020
پٹیشن میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 20 مارچ والے حکم سے غلطیاں پیدا ہوئیں— فوٹو: اے ایف پی
پٹیشن میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 20 مارچ والے حکم سے غلطیاں پیدا ہوئیں— فوٹو: اے ایف پی

عدالت عظمیٰ نے 5 رکنی بینچ تشکیل دے دیا ہے جو اسلام آباد ہائیکورٹ کے ازخود نوٹس کے اختیارات سے متعلق پٹیشن پر سماعت کرے گا کہ جس کے تحت عدالت نے 20 مارچ کو ایک حکم کے ذریعے زیر ٹرائل قیدیوں (یو ٹی پی) کو ضمانت دے دی تھی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل پانے والا بینچ مذکورہ درخواست پر سماعت پیر (30 مارچ) سے شروع کرے گا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد ہائی کورٹ کا اڈیالہ جیل سے معمولی جرائم والے قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم

بینچ میں چیف جسٹس گلزار احمد، جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل، جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس قاضی محمد امین احمد شامل ہیں۔

سید نایاب حسن گردیزی نے راجہ محمد ندیم کی جانب سے سپریم کورٹ میں 6 صفحات پر مشتمل پٹیشن دائر کی جس میں سوال اٹھایا گیا کہ کیا اسلام آباد ہائیکوٹ (آئی ایچ سی) کے دائرہ اختیار میں ازخود نوٹس شامل ہے؟

اپیل میں استدعا کی گئی کہ 20 مارچ کو آئی ایچ سی کی جانب سے دیا گیا حکم اختیارات کے منافی ہے کیونکہ یہ خالصتاً ایگزیکٹو کے دائرہ اختیار میں آتا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے تناظر میں یو ٹی پی کے معاملے پر نظر ثانی کرے۔

درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی کہ کیا فوجداری ضابطہ اخلاق (سی آر پی سی) کے سیکشن 561-A کے تحت اسلام آباد ہائیکورٹ کے اختیارات غیرجانبدار تھے یا پھر ان کا استعمال صرف ایسے حالات میں کیا جاسکتا ہے جہاں کوئی صریح قانونی احکامات موجود نہیں تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: بھارت کا 22 مارچ کو پورے ملک میں کرفیو لگانے کا فیصلہ

اپیل میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 20 مارچ والے حکم سے غلطیاں پیدا ہوئیں کہ وہ قانون، آئین اور پبلک پالیسی کے خلاف ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کورونا وائرس کے باعث اڈیالہ جیل میں موجود معمولی جرائم والے قیدیوں کو ضمانتی مچلکوں پر رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر 1362 قیدیوں کی ضمانت پر رہائی سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔

20 مارچ کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے راولپنڈی سینٹرل جیل کے سپرنٹنڈنٹ سے زیر سماعت مقدمات میں قیدیوں کے بارے میں رپورٹ طلب کی تھی۔

ہائیکورٹ کے سامنے پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ جیل میں 2 ہزار 174قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش ہے جبکہ اس وقت جیل میں 5 ہزار ایک قیدی ہیں جن میں ایک ہزار 362 یو ٹی پی ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں مزید کیسز سے ملک میں 495 افراد متاثر

رپورٹ میں تسلیم کیا گیا کہ بیشتر یو ٹی پی غیر ممنوعہ شق کے دائرے میں آتے ہیں اور متعدد سزا یافتہ قیدی 55 سال سے زیادہ عمر کے ہیں اور ان میں سے کچھ ایسی بیماریوں میں مبتلا تھے جن کا علاج قید کے دوران نہیں کیا جاسکتا۔

آئی ایچ سی نے ازخود نوٹس کا دائرہ اختیار استعمال کرتے ہوئے پیش کردہ رپورٹ کو دفعہ 561 اے سی آر پی سی کے تحت پٹیشن میں تبدیل کردیا تھا کیونکہ وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر اسے قومی مسئلہ قرار دے رکھا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں