• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

پی ایس ایل فائنل: کوئٹہ کے غیر ملکی کھلاڑیوں کا اعلان

شائع March 4, 2017

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کے فائنل کے لیے ٹیم کے پانچ غیر ملکی کھلاڑیوں کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میڈیا مینیجر کے مطابق جن غیر ملکی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے ان میں بنگلہ دیش کے انعام الحق، زمبابوے کے شون اروائن اور ایلٹن چیگمبورا، جنوبی افریقا کے مورن وین ویک اور ریاد ایمرت شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کے اعزاز چیمہ کو بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ کا حصہ بنالیا گیا ہے۔

پی ایس ایل 2017 کا فائنل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے مابین لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 5 مارچ کو کھیلا جائے گا، جس کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی کپتان سرفراز احمد، اسد شفیق، حسان خان، نور ولی اور میر حمزہ پہلے ہی لاہور پہنچ چکے ہیں۔

اس سے قبل جب پہلے پلے آف میں پشاور زلمی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی تو کوئٹہ کی ٹیم کے لیے کھیلنے والے انگلینڈ کے کھلاڑیوں لیوک رائٹ، کیون پیٹرسن اور ٹائمل ملز نے لاہور میں ٹورنامنٹ کے فائنل میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔

مزید پڑھیں:کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے3 غیرملکی کھلاڑیوں کا لاہور نہ آنے کا اعلان

لیوک رائٹ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا تھا،'بہت بوجھل دل کے ساتھ لکھ رہا ہوں کہ میں فائنل کے لیے لاہور نہیں آرہا، میری ایک فیملی ہے اور میں کرکٹ کے کھیل کے لیے خطرہ مول نہیں لے سکتا'۔

کیون پیٹرسن نے بھی ٹوئٹر پر دبئی سے لندن روانگی کا پیغام دیتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ فیملی کے ساتھ وقت گزاریں گے، جس سے معلوم ہوا کہ وہ فائنل کے لیے لاہور نہیں آرہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل: غیر ملکی کھلاڑیوں کے لاہور آنے کی تصدیق

دوسری جانب ٹائمل ملز نے بھی فائنل کے لیے لاہور نہ آنے کا عندیہ دیتے ہوئے ٹوئٹر پیغام میں لکھا تھا کہ وہ لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل میں شریک نہیں ہوسکیں گے لیکن گھر پر بیٹھ کر میچ دیکھیں گے، ساتھ ہی انھوں نے اپنی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

یاد رہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایونٹ کا فائنل لاہور میں منعقد ہوتا نظر نہیں آ رہا تھا لیکن 27 فروری کو اہم اجلاس کے بعد حکومت پنجاب نے فائنل کا انعقاد لاہور میں کرانے کا حتمی اعلان کیا تھا۔

اس حوالے سے صوبائی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024