• KHI: Maghrib 6:14pm Isha 7:29pm
  • LHR: Maghrib 5:41pm Isha 7:02pm
  • ISB: Maghrib 5:45pm Isha 7:08pm
  • KHI: Maghrib 6:14pm Isha 7:29pm
  • LHR: Maghrib 5:41pm Isha 7:02pm
  • ISB: Maghrib 5:45pm Isha 7:08pm

سرفراز،انگلینڈ کے خلاف پہلے امتحان میں سرخرو

شائع September 7, 2016 اپ ڈیٹ September 8, 2016
عماد وسیم نے دونوں اوپنرز کو آؤٹ کیا—فوٹو: اے ایف پی
عماد وسیم نے دونوں اوپنرز کو آؤٹ کیا—فوٹو: اے ایف پی

مانچسٹر: پاکستان نے شرجیل خان اور خالد لطیف کی شاندارنصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ کو واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر طویل دورے کا کامیابی کے ساتھ شاندار اختتام کیا۔

پاکستان کی جانب سے شرجیل خان اور خالد لطیف نے انگلینڈ کے باؤلرز کا چوکوں سے استقبال کیا اور گراؤنڈ کے چاروں طرف شاٹس کھیل کر پاکستان کو ہدف کی جانب گامزن کردیا۔

شرجیل خان نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں ناقص باؤلنگ کی وجہ سے انگلینڈ کو شکست سے دوچار کرانے والے آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو 5 ویں اوور میں 2 چوکے اور ایک چھکا رسید کرتے ہوئے 16 رنز حاصل کیے۔یاد رہے یہ اسٹوکس کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کےبعد پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ ہے۔

شرجیل نے اپنی شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور چھکے لگا کر ٹی ٹوئنٹی میں اپنی دوسری نصف سنچری مکمل کی جس میں مجموعی طورپر 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔

خالد لطیف اور شرجیل خان کے درمیان 107 رنز کی بہترین شراکت بنی اور پاکستان کو جیت کے قریب لاکھڑا کیا اور شرجیل 59 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر عادل رشید کو وکٹ دے بیٹھے۔

شرجیل کے آؤٹ ہونے کے بعد خالد لطیف نے ذمہ دارانہ بلےبازی کا سلسلہ جاری رکھا اور بلند وبالا چھکے کی مددسے نصف سنچری مکمل کی۔

بابراعظم نے لیام پلنکٹ کی 15 ویں اوور کی پانچویں گیند چوکا لگا کر پاکستان کو 9 وکٹوں سے فتح دلادی۔

پاکستان نے 136 رنز کا ہدف 15 ویں اوورحاصل کرکے انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں کامیابی کے ساتھ جس طرح دورے کا آغاز کیا تھا اسی طرح جیت کے ساتھ اختتام کیا۔

خالدلطیف 59اور بابراعظم 15 رنز ناقابل شکست رہے۔

انگلینڈ ٹیم پاکستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں الیکس ہیلز اور جیسن روئے کی جانب سے جارحانہ آغازکے باوجود پاکستان کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی اور جیت کے لیے 136 رنز کا ہدف دے دیا۔

انگلینڈ کی جانب سے الیکس ہیلز اور جیسن روئے نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ابتدائی اوورز میں ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی تاہم عماد وسیم نے دونوں اوپنرز کو پویلین بھیج کر بڑے مجموعے کی کوششوں کو نقصان پہنچایا۔

جیسن روئے 56 رنز پر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جنھوں نے 21 رنز بنائے جبکہ الیکس ہیلز کی وکٹیں عماد وسیم نے اڑا کر پاکستان کو دوسری کامیابی دلادی۔

الیکس ہیلز 5 چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اس وقت انگلینڈ کا اسکور 67 رنز تھا جبکہ حسن علی نے دسویں اوور کی پہلی گیند پر جوروٹ کو بھی آؤٹ کردیا۔

وہاب ریاض نے ون ڈے سیریز میں ناقص کارکردگی دکھانے کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جب انگلینڈ نے 93 رنز بنائے تھے تو 16 رنز پر کھیلنے والے جوزبٹلر کو متبادل فیلڈر عمادبٹ کے ہاتھوں کیچ کرادیا اور پاکستان کے لیے چوتھی وکٹ دلادی۔

کپتان مورگن اور اسٹوکس کے درمیان صرف 11 رنز کی شراکت بنی اور اسٹوکس 4 رنز بنا کر پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے حسن علی کا شکار بنے۔

آئن مورگن 14 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو انگلینڈ کا اسکور 110 رنز تھا تاہم معین علی نے ڈیوڈ ویلی کے ساتھ ساتویں وکٹ میں 22 رنز کا اضافہ کر کے کچھ سہارا ضروردیا۔

وہاب ریاض نے ڈیوڈ ویلی کو 12 رنز پر آؤٹ کردیا۔

انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ معین علی 13 اور لیام پلنکٹ صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عماد وسیم اور حسن علی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں آرام دینے والے معین علی اور الیکس ہیلز کو ٹیم میں دوبارہ شامل کرلیا تھا۔

سرفرازاحمد کی قیادت میں پہلا میچ کھیلنے والی پاکستان ٹیم میں بابراعظم اور حسن علی کو شامل کیا گیا جو اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئرکا آغاز کررہے تھے۔

آل راؤنڈر سہیل تنویر کی ٹیم میں ایک سال بعد واپسی ہوئی، انھوں نے گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا تھا۔

روں سال ہندوستان میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد کپتان شاہد آفریدی کی جگہ سرفرازاحمد کو نیا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

انگلینڈ: آئن مورگن (کپتان)، الیکس ہیلز، جیسن روئے، جوروٹ، بین اسٹوکس، جوزبٹلر، معین علی، لیام پلنکٹ، کرس جارڈن، ڈیوڈ ویلی، عادل رشید

پاکستان: سرفرازاحمد (کپتان)، خالد لطیف، شرجیل خان، بابراعظم، محمد رضوان، شعیب ملک، عمادوسیم، وہاب ریاض، سہیل تنویر، محمد عامر، حسن علی

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024