اردو زبان کے مترادفات کے لیے موبائل ایپ متعارف
لاہور : اردو کا پہلا آن لائن خزانہ اور مفت موبائل ایپ کو متعارف کرا دیا گیا ہے۔
اردو تھیسارس نامی ایپ کے ایڈیٹر مشرف علی فاروقی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈویلپرز نے پانچ سال سے زائد عرصے میں اس ایپ کو تیار کیا ہے اور تعلیمی مقاصد کے لیے تیار کی گئی ہے۔
لگ بھگ 40 ہزار سے زائد الفاظ اور جملوں سمیت 20 ہزار سے زائد مترادفات کے مجموعوں ویب سائٹ اور ایپ کے ذریعے سرچ کیا جاسکتا ہے۔
مشرف علی فاروقی کے مطابق آنے والے مہینوں اور سال میں اس تعداد کو مزید بڑھایا جائے گا جبکہ سائنس، قانون، کاروبار اور زندگی کے دیگر شعبوں کے دولسانی لغات کے علاوہ متضادات، محاورات اور ضرب الامثال کا اضافہ بھی کیا جائے گا، جبکہ پیچیدہ ترجمے کے منصوبوں پر بھی کام کیا جاسکے گا۔
بچوں کی اردو زبان دانی بہتر بنانے کے لیے بھی ٹولز کو متعارف کرایا جائے گا۔
بیان میں بتایا گیا کہ اردو تھیسارس ایک مف تعلیمی ایپ ہے جس کی تیاری ذاتی کوشش سے بغیر بیرونی سرمائے سے کی گئی ہے۔
اس مفت ایپ کے ذریعے صارفین ڈیٹا ای میل اور سوشل میڈیا کے ذریعے سرچ اور شیئر کرنے کا موقع ملے گا۔
مترادف الفاظ کو بھی شیئر کیا جاسکے گا جبکہ کسی بھی غلطی کی درستگی یا اضافے کے لیے ایپ میں تصیح کا آپشن موجود ہوگا یا براہ راست ای میل کی جاسکے گی۔
اردو تھیسارس کے ادارتی بورڈ میں معروف اردو عالم تحسین فراقی، معین نظامی، محمد سلیم الرحمن اور مظہر محمود شیرانی شامل ہیں۔
اس حوالے سے ایک ٹوئٹر پیغام میں اس ایپ کی ویب سائٹ اور فیس بک ایڈریس کو بھی فراہم کیا گیا ہے۔
اسی طرح آپ اسے اینڈرائیڈ فونز پر گوگلے پلے اسٹور پر اس لنک پر جاکر ایڈ کرسکتے ہیں۔
یہ خبر سب سے پہلے 17 جولائی کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔